افغانستان نے 2027 کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرلیا
آئرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر افغانستان نے ورلڈ کپ میں جگہ پکی کرلی، دو مرتبہ کی عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو ایک بار پھر کوالیفائنگ مرحلہ کھیلنا ہوگا

بیلفاسٹ (نیوز ڈیسک) افغانستان نے آئرلینڈ کو ایک روزہ کرکٹ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر 2027 آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرلیا ہے، جبکہ دو مرتبہ کی عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے کے لیے کوالیفائنگ مرحلے سے گزرنا ہوگا۔
آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 206 رنز بنائے، جس کے جواب میں افغانستان نے مطلوبہ ہدف حاصل کرتے ہوئے 207 رنز بنا کر 3 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کرلی۔
بیلفاسٹ میں حاصل ہونے والی اس فتح کے بعد افغانستان ان آٹھ ٹیموں میں شامل ہوگیا ہے جو 2027 کے ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرچکی ہیں۔
افغانستان کے علاوہ آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ اور بنگلہ دیش بھی ورلڈ کپ میں براہِ راست جگہ حاصل کرچکے ہیں۔
تاہم افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیم کے براہِ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب عالمی رینکنگ میں 10ویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرنے کا امکان ختم ہوگیا ہے اور اب اسے 2027 ورلڈ کپ تک رسائی کے لیے کوالیفائنگ مقابلوں میں حصہ لینا ہوگا۔
ویسٹ انڈیز 2023 کے ورلڈ کپ کے لیے بھی براہِ راست کوالیفائی نہیں کرسکا تھا اور کوالیفائنگ مرحلے میں ناکامی کے باعث پہلی مرتبہ 50 اوورز کے ورلڈ کپ میں جگہ بنانے سے محروم رہا تھا۔ اس سے قبل 2019 کے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز نے کوالیفائنگ مرحلہ کامیابی سے عبور کیا تھا۔
2027 کے ورلڈ کپ کے نئے فارمیٹ کے مطابق کوالیفائرز میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں براہِ راست جگہ بنائے گی، جبکہ دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیمیں پہلے مرحلے، جسے ’سپر سیریز‘ کہا جائے گا، میں حصہ لیں گی۔
2027 کا کرکٹ ورلڈ کپ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی میزبانی میں کھیلا جائے گا، تاہم ٹورنامنٹ کا مکمل شیڈول ابھی جاری نہیں کیا گیا۔
