سانحہ جڑانوالہ کی تلخ یادیں آج بھی تازہ ہیں، رمیش سنگھ اروڑہ
وزیر اقلیتی امور پنجاب کا کہنا ہے کہ حکومت اقلیتوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے یا اقلیتوں کے حقوق پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی

لاہور (نیوز ڈیسک) وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ 16 اگست کی تلخ یادیں آج بھی تازہ ہیں اور سانحہ جڑانوالہ آج بھی ہمارے دلوں پر ایک گہرے زخم کی طرح موجود ہے۔
اپنے ایک بیان میں سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی حکومت تمام مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے، جبکہ حکومتی اقدامات اور مؤثر حکمت عملی کے باعث صوبے میں مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اقلیتوں کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں اور حکومت اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کسی فرد یا گروہ کو قانون ہاتھ میں لینے اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت تمام مذہبی اقلیتوں کو ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
