کوئٹہ کی عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے

کوئٹہ کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں، وارنٹ جوڈیشل مجسٹریٹ اول کی عدالت نے جاری کیے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے الزام میں بغاوت کی دفعات کے تحت مقدمہ 5 مارچ کو بجلی روڈ تھانے میں درج کیا گیا تھا۔مقدمہ عبدالخلیل کاکڑ نامی شہری کی درخواست پر درج کیا گیا جس میں بغاوت کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک کرائم کی روک تھام سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی تھیں۔

درخواست گزار نے مقدمے میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے ریاستی اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے جبکہ عمران خان نے ریاستی اداروں کے افسران کے خلاف بلاجواز اشتعال انگیز تقاریر کر کے نفرت بھی پھیلائی۔

عدالتی احکامات سے متعلق پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے لیے جلد پولیس ٹیم لاہور روانہ ہوگی، یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے تین مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی گئی تھی۔

ان میں سے ایک درخواست کوئٹہ میں درج مقدمے کے حوالے سے بھی دائر کی گئی تھی، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے دائر کی گئی تینوں درخواستوں میں 15 دن کی حفاظتی ضمانت کی استدعا کی تھی۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ درخواست گزار لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں مقیم ہیں اور یہ ان کا آئینی حق ہے کہ انہیں اجازت دی جائے کہ وہ ضمانت کے حصول کے لیے اس معزز عدالت کے روبرو پیش ہوں۔

ججز سے متعلق بیانات نشر کرنے پر پابندی عائد

Back to top button