اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان سپر لیگ کے  آٹھویں ایڈیشن  کے 12ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔ 157 رنز کا ہدف 14.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، عبدالرحمان گرباز نے 31 گیندوں پر 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں پی ایس ایل 8 کا 12واں میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جارہا ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 157 رنز کا ہدف 5.1 اوورز قبل ہی صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔شاداب الیون کو 31 کے اسکور پر پہلا نقصان کولن منرو کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، تاہم اس کے بعد عبدالرحمان گرباز نے انتہائی جارحانہ بیٹنگ کی اور صرف 31 گیندوں پر 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 62 رنز جڑ دیئے۔

رسی وان ڈر ڈوسین نے 42 رنز بنائے، شاداب خان 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، آصف علی نے 13 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اعظم خان 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔پشاور زلمی کی جانب سے ارشد اقبال، جیمز نیشم اور عثمان قادر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں  پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کا آغاز شاندار رہا، محمد حارث اور بابر اعظم نے 6.5 اوورز میں 76 رنز بنا ڈالے تاہم نوجوان بلے باز 21 گیندوں پر 40 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔حارث کی وکٹ گرنے کے بعد حسن علی نے تباہ کن بولنگ اسپیل کیا اور پشاور زلمی کے تین انتہائی اہم بیٹرز ٹام کوہلر کیڈمور، روومین پاول اور جیمز نیشم کی وکٹیں لے کر بابر الیون کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ایک جانب سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری تھا تاہم دوسری طرف سے کپتان بابر اعظم ڈٹ کر کھڑے تھے، انہوں نے 58 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔پشاور زلمی کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے، صائم ایوب3، کیڈمور ایک، روومین پاول صفر، جیمز نیشم 6، دوسان شناکا 11، وہاب ریاض 8، عثمان قادر 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ارشد اقبال نے ناٹ آؤٹ 2 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی نے 35 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں، رومان رئیس، فہیم اشرف، شاداب خان اور مبصر خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارتی شاعرجاوید اختر نے پاکستان پر الزامات کیوں لگائے؟

Related Articles

Back to top button