پرویز الٰہی نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی

Pervez Elahi News in Urdu | PTI Latest News in Urduسابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے 10 ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔
لاہور زمان پارک میں پی ٹی آئی کے نائب صدر فواد چوہدری اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران چوہدری پرویز الہٰی کی پی ٹی آئی شمولیت کا اعلان کیا گیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آج ہماری سینئر قیادت کا اجلاس ہوا اور اس کے بعد چوہدری پرویز الہٰی کی عمران خان کے ساتھ ملاقات ہوئی، حالیہ بحران میں انہوں نے جو کردار ادا کیا، اس کو ہم سراہتےہیں اور ہم ان کے مداح ہیں، چوہدری پرویز الہٰی کے ساتھ مسلم لیگ (ق) کے تمام اراکین صوبائی اسمبلی، ان کے اکابرین کے ساتھ ساتھ مونس الہٰی اور حسین الہٰی کی بھی پوری حمایت اپنی پارٹی کے ساتھ تھی
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پیش نظر دو باتیں تھیں کہ مسلم لیگ (ق) کے ساتھ اتحاد ہو اور ہم اگلا انتخاب اکٹھا لڑیں یا مسلم لیگ (ق) کو پی ٹی آئی میں ضم کرلیا جائے تو اس پر طویل بحث اور گفتگو ہوئی، آج پرویز الہٰی مسلم لیگ (ق) چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں اور آج کے بعد چوہدری پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور ان کے دیگر اراکین پی ٹی آئی کا حصہ ہوں گے،
فواد چوپہدری نے کہا جو نئے ساتھی پارٹی میں شامل ہوئے ہیں ان کو عمران خان کی قیادت میں ایک نئے پاکستان کی جدوجہد میں خوش آمدید کہتے ہیں، چوہدری پرویز الہٰی اور ان کے دوستوں کی پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کے لیے قربانیاں بے پناہ ہیں، پرویز الہٰی کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی اور ضیغم گوندل کا تاحال کچھ پتا نہیں ہے،
پرویز الہٰی کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جس طرح انہوں نے مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے، اسی طرح ہم بھی ان کا ساتھ دیں گے اور پہلا قدم لے لیا گیا ہے، پرویز الہٰی کو اراکین صوبائی اسمبلی آج سے پی ٹی آئی کا حصہ ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے چوہدری پرویز الہٰی کو تحریک انصاف کا صدر بنانا ہے، جس کی سینئر قیادت نے منظوری دی ہے، پارٹی آئین کے مطابق آگے چلیں گے اور اس پر عمل درآمد ہوگا۔
اس موقع پرپرویز الٰہی نے کہاہم عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے، عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور ہم شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں موقع بھی فراہم کیا، ہمارا اور ساتھیوں کا عمران خان کے ساتھ ہمیشہ رہے گا، ہم ہر وہ کام کریں گے جس سے ملک اور پنجاب کا فائدہ ہوگا، کبھی کوئی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے ہماری پارٹی پی ٹی آئی کو نقصان پہنچے۔
ایک سوال کے جواب میں پرویز الہیٰ نے کہا کہ ’اگر کوئی سمجھتا ہے کہ اشارے کی وجہ سے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تو یہ اچھی خبر ہے، میری کوشش ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلوں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’عمران خان نے مرکزی صدر کا عہدہ دینے کی بات کی ہے اُس پر جلد کام مکمل کرلیا جائے گا۔
قبل ازیں پرویز الہیٰ کی زمان پارک میں ساتھیوں کے ساتھ عمران خان سے ملاقات ہوئی جس میں پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر سمیت دیگر تحریک انصاف کے رہنما بھی شریک تھے۔ اجلاس میں مشترکہ سیاسی صف بندی کے حوالے سے حتمی بات چیت بھی ہوئی۔
ملاقات میں مسلم لیگ ق کے 10 سابق اراکین پنجاب اسمبلی اور سینئر رہنما بھی شریک ہوئے جبکہ سابق ارکان اسمبلی حافظ عمار یاسر، شجاعت نواز، عبداللہ یوسف وڑائچ، باؤ رضوان، ساجد بھٹی، احسان الحق، محمد افضل، باسمہ چوہدری اور خدیجہ عمر فاروقی بھی شریک ہوئے۔
علاوہ ازیں موسی الہی، چوہدری مقصود سلہریا، خرم منور منج اور حاجی عمر حبیب بھی ملاقات میں شامل تھے۔
