تحقیقاتی کمیٹی نے جیل میں خواتین پر تشددکے الزامات مسترد کردیئے

نگران پنجاب حکومت کی جانب سے جیل میں خواتین پر تشدد کے الزامات کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی 2 رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے تشددکے الزامات مسترد کردیے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جیل میں خواتین پر تشدد کے الزامات کی تحقیقات کے لیے 2 رکنی کمیٹی بنائی تھی،کمیٹی میں ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن انوش مسعود شامل تھیں۔
تحقیقاتی کمیٹی نے آج کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا اور جیل میں قید خواتین سے ملاقات کی۔
انوش مسعود کا کہنا تھا کہ خواتین کو گھر سے اشیاء منگوانے کی سہولت تک دی جا رہی ہے، بدسلوکی تو دور کی بات ہے انہیں بہت اچھی طرح ٹریٹ کیا جا رہا ہے، خدیجہ شاہ سے بھی ملاقات ہوئی ہے، میڈیکل کی سہولت بھی خواتین کو دی جا رہی ہے، خواتین ماہر نفسیات بھی جیل میں موجود ہیں، کوئی مرد خواتین کے سیل میں داخل نہیں ہوسکتا، پی ٹی آئی کی دس خواتین کوٹ لکھپت جیل میں ہیں۔