اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججزکےتبادلوں پرغورکیلئےجوڈیشل کمیشن کااجلاس طلب

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے ممکنہ تبادلوں پرغور کیلئےجوڈیشل کمیشن کااجلاس کل طلب کرلیاگیا۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں مختلف ججزکےتبادلوں پر غور کیا جا رہا ہے، جن میں جسٹس خادم حسین سومرو کا سندھ ہائیکورٹ میں تبادلہ کیا جائے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کےجسٹس محسن اختر کیانی کا لاہور ہائیکورٹ اور جسٹس بابر ستار کا پشاور ہائیکورٹ میں تبادلہ شامل ہونے کی اطلاعات زیر گردش ہیں۔
ذرائع کے مطابق جسٹس خادم حسین سومرو نے مبینہ طور پر تبادلے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، جبکہ دیگر تجاویز پر حتمی فیصلہ اجلاس میں کیا جائے گا۔
ذرائع کی جانب سے مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک جج نے ممکنہ تبادلے سے قبل اپنی ذاتی کتابیں اور اشیاء پیک کرنا شروع کر دی ہیں، تاہم یہ اطلاعات ابھی غیر مصدقہ ہیں اور حتمی فیصلے کا انحصار جوڈیشل کمیشن کے اجلاس پر ہوگا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران ججز کی ممکنہ ٹرانسفر اور نئی تعیناتیوں سے متعلق خبروں کے تناظر میں وکلاء اور بنچ کے درمیان اہم مکالمہ ہوا۔
ایک وکیل نے نشاندہی کی کہ کیس پہلے جسٹس سردار اعجاز خان سن رہے تھے، تاہم اب ان کا سنگل بنچ دستیاب نہیں اور وہ صرف ڈویژن بنچ میں کیسز سن رہے ہیں، جبکہ ججز کی ٹرانسفر اور نئے ججز کی تعیناتی کی اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں۔
اس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ “کسی نے تو کام کرنا ہے اسلام آباد ہائیکورٹ میں”، اور مزید کہا کہ نئے آنے والے ججز کب آئیں گے یہ واضح نہیں، اس لیے موجودہ ججز ہی عدالتی امور نمٹا رہے ہیں۔
