اسرائیل سے براہ راست مذاکرات کی تجویزمسترد،حزب اللہ کی 5شرائط آ گئیں

لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اسرائیل کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کو مستردکردیا۔5شراط بھی سامنے رکھ دیں۔
نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کا مکمل خاتمہ، مقبوضہ علاقوں سے انخلا، قیدیوں کی رہائی، بے گھر افراد کی واپسی اور متاثرہ علاقوں کی تعمیر نوکےبعد ہی اسرائیل سے مذاکرات پرراضی ہوں گے۔
حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا کہ جماعت کسی بھی صورت میں ہتھیار نہیں ڈالے گی اور اسرائیلی جارحیت کا بھرپور جواب دیتی رہے گی۔
نعیم قاسم نے کہا کہ براہِ راست مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور لبنان کی حکومت کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ براہِ راست بات چیت کا راستہ ترک کرکے بالواسطہ مذاکرات کی پالیسی اپنائے۔حکومت نے جلد بازی میں غیر ضروری رعایت دی ہے جسے حزب اللہ مسترد کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ کی مزاحمتی قوت نہ صرف برقرار ہے بلکہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل اور اس کے اتحادیوں نے حزب اللہ کو ختم کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ اس میں ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ لبنانی حکومت کو داخلی سطح پر مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے تاکہ قومی مفاد کو مقدم رکھا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ لبنان اور اس کے عوام کے دفاع کے لیے اپنی مزاحمت جاری رکھے گی اور کسی دباؤ میں نہیں آئے گی۔
