جیکب آباد میں ڈاکوؤں کا پولیس پارٹی پر حملہ، 5 اہلکار شہید

جیکب آباد میں ڈاکوئوں کا پولیس پارٹی پر گھات لگا کر حملہ، 5 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کر لیا، شہید ہونے والوں میں ایک انسپکٹر بھی شامل ہے۔
شہید ہونے والوں میں اوستہ محمد تھانہ کے سب انسپکٹر طیب عمرانی، اہلکار نثاراحمد اور عبدالوہاب شامل ہیں۔ حملہ اس وقت کیا گیا جب بلوچستان کے تھانے کی پولیس پارٹی مغوی کی بازیابی کے لیے آرہی تھی۔
ڈاکوؤں کے حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی بھی ہیں۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جیکب آباد ڈاکٹر سمیر نے بھی ؕحملے میں پولیس پارٹی کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کی۔
قبل ازیں 15 اپریل کو سندھ کے ضلع کشمور کے قریب گھیل پور کے کچے کے علاقے میں زیر تعمیر پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید اور چار زخمی ہو گئے تھے۔
کشمور-کندھ کوٹ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عرفان علی سموں نے بتایا تھا کہ علاقے میں نئی پولیس چوکیاں قائم کی جا رہی تھیں کہ ڈاکوؤں نے اچانک پولیس پر فائرنگ کر دی۔
اسی طرح کا ایک واقعہ 3 اپریل کو پیش آیا تھا جب ڈاکوؤں نے پولیس کے ایک بڑے دستے پر حملہ کیا تھا جو ڈاکوؤں کی جانب سے یرغمال بنائے گئے افراد کو آزاد کرانے کے لیے ضلع کندھ کوٹ کے درانی مہار ندی کے علاقے میں آپریشن کر رہی تھی۔واقعے میں ایک ایس ایچ او شہید اور پانچ زخمی ہو گئے تھے۔
