شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فریقین کونوٹس جاری

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی نظر ثانی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیشن جج کو تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست دوبارہ سننے کا حکم دے دیا۔
پاک فوج کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، 1 دہشتگرد ہلاک
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایڈووکیٹ جنرل کی دوبارہ جائزہ لینے کی درخواست قابل سماعت ہے، سیشن جج درخواست کو قابل سماعت جان کر میرٹ پر فیصلہ کریں۔عدالت نے حکم دیا کہ ایڈووکیٹ جنرل کی درخواست سیشن کورٹ میں زیر التوا تصور کی جائے، آج ہی جسمانی ریمانڈ پر دوبارہ جائزے کی درخواست سیشن کورٹ میں سنی جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو سیشن جج کے پاس پیش ہو کر دلائل دینے کی ہدایت کی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کو نو اگست کو بنی گالہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد سیشن کورٹ نے مزید جسمانی ریمانڈ دینے سے انکار کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، جس کے خلاف ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی جانب سے درخواست دی گئی تھی۔
