برف پگھلنےلگی،ٹرمپ کایوٹرن،بھارت سےمذاکرات کااعلان کردیا

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کابڑایوٹرن،بھارت سے تجارتی رکاوٹیں دورکرنےکیلئےمذاکرات کااعلان کردیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت اور امریکا کے درمیان تجارتی رکاوٹیں ختم کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔
سماجی رابطے کے اپنے پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنے بہترین دوست بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے آئندہ چند ہفتوں میں گفتگو کے منتظر ہیں۔ ان کے مطابق دو عظیم ممالک کے لیے کسی کامیاب نتیجے تک پہنچنا زیادہ مشکل نہیں ہوگا۔
صدر ٹرمپ کے بیان پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ وہ بھی ٹرمپ سے بات کرنے کے خواہاں ہیں۔
نریندر مودی نے ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہاکہ بھارت اور امریکا قریبی دوست اور فطری شراکت دار ہیں، اور انہیں یقین ہے کہ مذاکرات دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات میں نئی راہیں کھولیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی ٹیمیں گفت و شنید کو جلد مکمل کرنے کے لیے سرگرم ہیں تاکہ عوام کے خوشحال اور روشن مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں امریکا اور بھارت کے تعلقات میں سرد مہری رہی ہے، جبکہ صدر ٹرمپ بارہا مودی پر تنقید کرتے رہے ہیں۔
