سہیل آفریدی کاتوہین عدالت کی کارروائی کیلئےاسلام آباد ہائیکورٹ کوخط

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نےعمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر توہین عدالت کی کارروائی کیلئےاسلام آباد ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا۔

سہیل آفریدی نے ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط ارسال کیا۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعلی کو بانی چیرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا حکم دیا تھا، تاہم جیل انتظامیہ نے ملنے کی اجازت نہیں دی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی کے حصول کے لیے درخواست پہلے ہی جمع کرائی جا چکی ہے، تاہم اب تک تصدیق شدہ کاپی نہیں مل سکی۔

وزیراعلیٰ نے خط میں مؤقف اختیار کیاکہ توہین عدالت کا کیس جمع کرانے کے لیے ہمیں حکم نامے کی تصدیق شدہ کاپی فراہم کی جائے۔ ہمیں قانون کی پاسداری کیلئے کیس کو آگے بڑھانے کی خاطر حکم نامے کی کاپی درکار ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد کئی بار عمران خان سے ملاقات کی کوشش کی تاہم جیل حکام نے انہیں بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں دی۔

سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ عمران خان ان کے لیڈر ہیں، اور وہ کابینہ کی تشکیل سے قبل ان سے مشاورت کرنا چاہتے ہیں۔ اس لیے ملاقات کی اجازت دی جائے۔

 

Back to top button