پنجابی اداکارہ سونم باجوہ کو سانولی رنگت پر کن مشکلات کا سامنا رہا؟

بھارتی پنجابی فلموں کی معروف اداکارہ سونم باجوہ نے انکشاف کیا کہ کیرئیر کے آغاز پر مجھے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، انہیں اکثر بڑے سیلبرٹیز کے مقابلے میں نظر انداز کر دیا جاتا تھا لیکن مجھے کوئی زیادہ فرق اس لیے نہیں پڑا کہ میں اپنی ذاتی زندگی میں کافی تلخ رویوں کا سامنا کر چکی تھی۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایک انٹرویو میں سونم باجوہ نے بتایا کہ انہیں سانولا رنگ ہونے کی وجہ سے کئی بار تضحیک کا نشانہ بنایا گیا، پنجابی، تیلگو اور تامل فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ سونم باجوہ آج کل اپنی آئندہ آنے والی فلم ’’گوڈے گوڈے چاہ‘‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں۔
سدھارت کنان کو دیئے گئے انٹرویو میں سونم باجوہ نے مزید بتایا کہ بچپن میں انہیں چہرے کی رنگت کی بنیاد پر ہراساں کیا جاتا کیونکہ پنجابی ہونے کی وجہ سے وہ ’’اتنی گوری چٹی‘‘ نہیں تھیں۔
میرے کچھ رشتہ دار مجھے اپنے گھر بھی نہیں بلاتے تھے، بڑے ہوتے ہوئے میں نے ان کے گھر کبھی نہیں دیکھے تھے لیکن بعد میں جب اپنے کیریئر میں کامیاب ہوئی تو پھر مجھے ہر وقت اپنے گھر آنے کی دعوت دیتے، لیکن بدقسمتی سے تب تک نہ میرا ان سے ویسا تعلق رہا تھا اور نہ ہی ان کے لیے عزت رہی تھی، بس یہی زندگی ہے، ہر کوئی کامیاب لوگوں کی عزت کرتا ہے، سوسائٹی میں بھی اور انڈسٹری میں بھی، سونم باجوہ نے کہا بہترین ردعمل یہی ہے کہ ایسے لوگوں کے جیسا بننے سے خود کو بچائیں۔
اداکارہ نے کہا کہ لوگوں نے مجھے نظرانداز کیا اور وہ بھی اس عمر میں جب آپ یہ سمجھ ہی نہیں سکتے کہ یہ ایسا کیوں کر رہے ہیں، انڈسٹری میں جب مجھے نظرانداز کیا گیا اور بڑے کامیاب اداکاروں کو اہمیت دی گئی تو مجھے زیادہ فرق نہیں پڑا کیونکہ میں اس سے بُرا دیکھ چکی تھی۔
سونم باجوہ نے بتایا کہ ان کے ساتھ ایسا بھی ہو چکا ہے کہ فلم ساز فلم سے نکال دیتے اور انہیں اس فیصلے سے آگاہ بھی نہیں کرتے تھے، ریئلٹی شو بگ باس 13 میں شہناز گل کے ساتھ کام کرنے پر سونم باجوہ نے کہا کہ انہیں مزہ آیا اور باصلاحیت اداکار کے ساتھ کام کرنے سے مزید اچھی پرفارمنس دینے کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، میری کوشش ہے کہ آئندہ بھی معیاری کام کرتی رہوں۔
