سپیکرنےگورنر کے پی کوسمری ارسال کردی،وزیراعلیٰ سےحلف لینےکی سفارش

خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر بابر سلیم سواتی نے گورنر کو باضابطہ سمری ارسال کردی ہے، جس میں نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کی سفارش کی گئی۔

صوبائی اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جس کے مطابق سہیل آفریدی نے 90 ووٹ حاصل کیے، جبکہ دیگر 3 امیدوار کوئی ووٹ حاصل نہ کر سکے۔

سمری میں آئین و قانون کے تحت سہیل آفریدی سے جلد حلف لینے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ نئی صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکے۔

واضح رہے کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ اعتراض لگا کر واپس کردیا ہے، اور انہیں 15 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے، لیکن پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ گورنر کی جانب سے استعفے پر دستخط کرنے یا نہ کرنے کی کوئی آئینی یا قانونی حیثیت نہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن نے کہا ہے کہ ایک وزیراعلیٰ کے ہوتے ہوئے نئے قائد ایوان کا انتخاب غیرقانونی عمل ہے، جس کے خلاف ہم عدالت سے رجوع کریں گے۔

Back to top button