شمالی وزیرستان میں خودکش حملے کی کوشش ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے شدت پسند گروہ فتنۃ الخوارج کی جانب سے ایک خودکش حملے کی کوشش ناکام بنا دی، جس دوران 4 دہشت گرد مارے گئے۔ افسوسناک طور پر کارروائی کے دوران 3 خواتین اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے کھادی پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم مستعد سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ ناکام بنا دیا۔ مقابلے میں چار حملہ آوروں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کی گاڑی میں آگ لگنے سے قریبی علاقے میں موجود تین خواتین اور دو بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق گل بہادر گروپ سے بتایا گیا ہے، جس نے حملے کی ذمہ داری بھی قبول کر لی ہے۔ اطلاعات کے مطابق گل بہادر گروپ افغانستان میں موجود ہے اور مبینہ طور پر افغان طالبان کی پشت پناہی حاصل ہے۔
سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ شدت پسند عناصر عوامی مقامات اور سیکیورٹی تنصیبات کو نشانہ بنا کر اپنی ناکامی چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ریاست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
اسی سلسلے میں گزشتہ رات ضلع بنوں کے تھانہ ہوید کی حدود میں واقع چوکی مزانگہ پر بھی دہشتگردوں نے رکشے میں بارودی مواد بھر کر حملے کی کوشش کی، جو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مشکوک رکشہ کو روکنے پر دہشت گردوں نے رکشے کو دھماکے سے اڑا دیا، جس میں تینوں حملہ آور مارے گئے، جبکہ چوکی کے تمام اہلکار محفوظ رہے۔ دھماکے کی شدت سے قریبی مکانات کو معمولی نقصان پہنچا۔
