سپر ٹیکس خاص مقصد کیلئے تھا، کیا ایک مرتبہ لاگو ہونے کے بعد تا قیامت چلے گا؟ جج آئینی بینچ

سپریم کورٹ میں سپر ٹیکس کیس کی سماعت ہوئی سماعت کے دوران جسٹس محمدعلی مظہر نےکہاکہ سپر ٹیکس ایک مرتبہ خاص مقصد کےلیےلگایا گیا تھا اور ایک مرتبہ سپرٹیکس لاگو کرنے کے بعد کیا قیامت تک چلےگا۔

سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بینچ نےسپر ٹیکس کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں کمپنیز کےوکیل مخدوم علی خان نے دلائل دیے۔

وکیل مخدوم علی نےعدالت کو بتایا کہ سپرلیوی ٹیکس حکومت نے 2015 میں لاگو کیا جس کا مقصد آپریشن ضرب عزب سےمتاثرہ علاقوں کی بحالی تھا۔

مخدوم علی نےکہا کہ حکومت نے منی بل 2015 میں ایک مرتبہ سپرٹیکس کا نفاذ کیا، سال 2015 سے 2022 تک سپرٹیکس نافذ رہا جس کا ابتدائی تخمینہ 80 ارب روپے اکٹھے کرنے کا تھا مگر نہیں معلوم حکومت نےسپر لیوی ٹیکس کی مد میں کتنی رقم اکٹھی کی،حکومت سے پوچھا جائے سپرٹیکس کی مد میں کتنا ٹیکس اکٹھا ہوا۔

جسٹس جمال مندوخیل نےسوال کیا کہ کوئی حساب ہے کہ سپرٹیکس میں کتنی رقم اکٹھی ہوئی، اس پروکیل مخدوم علی نے کہا وزیرخزانہ کی کسی تقریرمیں سپرٹیکس کےریکوری اور خرچ کا نہیں بتایا گیا۔

جسٹس جمال مندوخیل نےکہا کہ سپرٹیکس آپریشن کے متاثرین کی بحالی کیلئے تھا، حقیقت ہے دہشتگردی کا ہر روز سامنا کرنا پڑتا ہے، آپریشن میں مجموعی طور پر کتنےلوگ بےگھر ہوئے اورکن علاقوں سےہوئے؟

افغانستان کالعدم TTP کے حملوں کی سرپرستی کر رہا ہے : منیر اکرم

 

جسٹس جمال نےسوال کیا کہ آپریشن سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے حکومتی پلان کیا تھا اورکیا متاثرہ علاقوں کی آباد کاری کا کوئی پی سی ون تیارہوا؟ کیا متاثرہ علاقوں کی بحالی کا کوئی تخمینہ لگایا گیا؟ کیا منی بل کے ذریعے سروسز پر ٹیکس کا نفاذ کیا جاسکتا ہے؟

وکیل مخدوم علی نےجواب دیا حکومت آمدن پر  پہلے ہی انکم ٹیکس لے چکی تھی، ڈبل ٹیکسیشن سے بچنے کے لیے سپر ٹیکس کا نام دیا گیا، سوشل ویلفیئرکاسبجیکٹ صوبوں کو منتقل ہو چکا ہے، یہ سپر ٹیکس نہیں ٹیکس ہے۔

جسٹس محمدعلی مظہر نے کہا سپرٹیکس ایک مرتبہ خاص مقصد کےلیے لگایا گیا تھا، ایک مرتبہ سپرٹیکس لاگو کرنے کے بعدکیا قیامت تک چلےگا؟ جسٹس امین الدین نے کہا کہ اعتراض ہے قومی مجموعی فنڈز سے رقم صوبوں کی رضامندی بغیرکیسےخرچ ہوسکتی ہے۔

اس موقع پروکیل  ایف بی آر رضاربانی نے دلائل دیےکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ مسلسل عمل ہے،متاثرین دہشتگردی کے خاتمےکےنتیجہ میں بے گھر ہوئے، اس پر  کمپنیوں کےوکیل مخدوم علی نے کہا کیا دہشتگردی 2020 میں ختم ہوگئی؟حکومت نے 2020میں سپرٹیکس وصولی ختم کردی۔

بعد ازاں سپریم کورٹ کےآئینی بینچ نےسپر ٹیکس کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

Back to top button