سپریم لیڈر کی آخری رسومات: وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے

وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے، جہاں وہ ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔ تہران آمد پر ایرانی حکام نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا،
مہرآباد ایئرپورٹ پر ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی،تہران میں پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی اور پاکستان و ایران کے اعلی سفارتی حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف تہران میں ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای شہید کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔وزیراعظم پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کریں گے اور غم کی اس گھڑی میں برادر ایرانی قوم کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کریں گے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نئیر بخاری، وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور پارلیمینٹیرئینز وزیرِ اعظم کے ہمراہ آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ کل تہران میں ادا کی جائے گی جس کیلئے انتظامات کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔نماز جنازہ کے بعد ان کا جسد خاکی تہران سے قم پھر نجف اور کربلا لے جایا جائے گا۔پھر میت واپس ایران لا کر آیت اللہ علی خامنہ ای کو مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
جلوس جنازہ میں ایک کروڑ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔آخری رسومات کے موقع پر 6 جولائی کو ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی،8 جولائی کو ملک بھر میں یومِ سوگ بھی منایا جائے گا۔
