پنجاب میں پیٹرول سپلائی متاثر، قلت کا خدشہ

لاہور سمیت پنجاب بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی سست روی کا شکار ہونے کے باعث قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف آئل ڈپوز پر کسٹمز اور ایف آئی اے کی ٹیموں کی جانب سے چھاپے مارے جانے اور سٹاک چیکنگ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے اور کسٹمز کی جانب سے سٹاک کی جانچ پڑتال کے باعث آئل ٹینکرز کی روانگی میں تاخیر ہوئی،جس کے نتیجے میں لاہور سمیت مختلف علاقوں میں متعدد پیٹرول پمپس کو آج پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی نہیں مل سکی۔
پیٹرول پمپس ذرائع کاکہنا ہےکہ شہر کے درجنوں پیٹرول پمپس پر صرف آج کےلیے دستیاب تیل کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے۔
ذرائع کےمطابق محمود کوٹ اور گھٹی آئل ڈپوز سے آج ایک بھی آئل ٹینکر روانہ نہیں ہوا۔ان دونوں ڈپوز سے معمول کےمطابق روزانہ ڈیڑھ سو سے زائد آئل ٹینکرز مختلف پیٹرول پمپس کےلیے روانہ کیےجاتے ہیں۔صبح سے اب تک کسی بھی پیٹرول پمپ پر ان ڈپوز سے ایک بھی آئل ٹینکر نہیں پہنچا۔
پیٹرول پمپس ذرائع کاکہنا ہےکہ آج متوقع طور پر پیٹرول کی قیمت میں کمی کے باعث بھی متعدد پیٹرول پمپ مالکان نے معمول سے کم مقدار میں تیل منگوایا تھا۔
پاکستان میں پٹرول مزید کتنا سستا ہونے والا ہے؟
ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہےکہ اگر موجودہ صورت حال برقرار رہی تو لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں پمپس پر پیٹرول کی دستیابی متاثر ہوسکتی ہے۔
