پاکستان میں پٹرول مزید کتنا سستا ہونے والا ہے؟

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے، تاہم ماہرین معیشت کے مطابق اس بار عوام کو محدود ریلیف ملنے کا امکان ہے اور بڑی کمی کی توقع نہیں۔
ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور امن معاہدے کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کم ہو کر تقریباً 68.8 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے، جبکہ علاقائی کشیدگی سے قبل بھی خام تیل کی قیمت 70 ڈالر فی بیرل سے زیادہ تھی۔ عالمی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی دو ہفتے قبل پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی تھی۔ حکومت نے پیٹرول 74 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 67.30 روپے فی لیٹر سستا کیا تھا، تاہم گزشتہ جائزے میں قیمتیں برقرار رکھی گئی تھیں۔
اب عالمی منڈی میں خام تیل مزید سستا ہونے کے بعد عوام کی نظریں آئندہ قیمتوں کے جائزے پر مرکوز ہیں کہ آیا حکومت ایک بار پھر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کرے گی یا نہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین صرف خام تیل کی عالمی قیمت پر نہیں ہوتا بلکہ پیٹرولیم لیوی، مختلف ٹیکسز، درآمدی لاگت، روپے کی قدر اور دیگر مالیاتی عوامل بھی اس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ماہر معیشت ڈاکٹر خاقان نجیب کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے کے تحت پیٹرولیم لیوی برقرار رکھی ہوئی ہے اور اس وقت پیٹرول اور ڈیزل پر مختلف مدات میں تقریباً 160 روپے فی لیٹر تک محصولات اور لیوی وصول کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ گزشتہ پندرہ روز کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی آئی ہے، تاہم یہ کمی اتنی زیادہ نہیں کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا فرق آ سکے، اس لیے آئندہ جائزے میں معمولی کمی کا امکان زیادہ ہے۔
معاشی تجزیہ کار شہباز رانا کا بھی کہنا ہے کہ خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی سے مقامی مارکیٹ پر مثبت اثر ضرور پڑے گا، لیکن پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا انحصار صرف عالمی نرخوں پر نہیں بلکہ درآمدی اخراجات، روپے کی قدر، ٹیکسز، پیٹرولیم لیوی اور دیگر مالیاتی عوامل پر بھی ہوتا ہے، اس لیے اس بار بھی محدود ریلیف متوقع ہے۔تاہم حتمی فیصلہ اوگرا کی سفارشات کی روشنی میں وفاقی حکومت کرے گی۔ ذرائع کے مطابق آج پیٹرولیم مصنوعات کے جائزے میں حکومت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کر سکتی ہے۔
