کوئٹہ میں ہوٹل پارکنگ میں حملہ خودکش تھا

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ہوٹل پارکنگ میں حملہ خودکش تھا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہوٹل پارکنگ میں خودکش دھماکے کےلیے 60 سے 80 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، جب کہ خودکش حملہ آور گاڑی میں بیٹھا رہا جس کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے جب کہ گاڑی کو فرانزک کےلیے بھیجا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل کے حملے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 6 زخمی اسپتال میں ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندر سے غیر مستحکم کرنے کی غیر ملکی کوشش جاری ہیں اور ان غیر ملکی کوششوں کو پاکستان پھلتا پھولتا دکھائی نہیں دے رہا، دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، چیف سیکریٹری سے فوری تحقیقات کا کہا ہے اور حتمی رپورٹ تحقیقات کے بعد سامنے آئے گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ گوادر اور بلوچستان ملک کی ترقی کا نام ہے، گوادر پاکستان کا مستقبل ہے، چین ہمارا آزمودہ دوست ہے اور ہماری چین سے دوستی کوہ ہمالیہ سے بھی بلند ہے، ایسی صورت حال میں دھماکے کا اصل مقصد پاکستان کے امن کو تہہ و بالا کرنا ہے اور اسے نقصان پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ‘عمران خان کی قیادت میں پاکستان جس طرح ترقی کر رہا ہے اور اس کی معیشت بہتر ہورہی ہے وہاں ہمارے بڑے شہروں میں ملک دشمن عناصر دہشت گردی کی سوچ رکھتے ہیں، اس لیے آج وزارت داخلہ نے اپنے ماتحت تمام فورسز کو سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایت کی ہے، ملک کی عظیم فوج اور ایجنسیاں اس کی طاقت ہیں’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘افواج نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دے کر ملک میں دہشت گردی کو شکست دی، اب بھی کالعدم تحریک تالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) منظم ہورہی ہے یا پڑوسی ملک میں سازشیں کی جارہی ہیں پاک فوج، ایجنسیاں اور پاکستانی عوام مل کر اس کو شکست دیں گے’۔
