7 ستمبر 1965 کا معرکۂ حق: آج یومِ فضائیہ ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

1965 کی جنگ کے دوران 7 ستمبر کو ہونے والے تاریخی فضائی معرکے کی یاد میں آج ملک بھر میں یومِ فضائیہ منایا جا رہا ہے۔
7 ستمبر کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے غیر معمولی جرات اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
اس دن اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے پاک بھارت جنگ کے دوران ایسی بہادری کی مثال قائم کی جو تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھی گئی۔ انہوں نے دشمن کے پانچ جنگی طیارے صرف ایک منٹ میں تباہ کر کے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہماری فضائیہ نے ہر معرکے میں دشمن پر اپنی دھاک بٹھائی۔ ان کی کثیر الجہتی اور ناقابلِ شکست صلاحیتیں ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور جدیدیت کی عکاسی کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے ثابت کر دیا کہ دشمن کبھی بھی ہمارے جذبے کو شکست نہیں دے سکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ "معرکۂ حق” میں پاک فضائیہ نے فیصلہ کن کردار ادا کیا اور دشمن کو چاروں شانے چت کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔
