ملکی معیشت میں بہتری آئی،بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف ملےگا،راناثنااللہ

وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے ملکی معیشت میں بہتری آئی۔پاکستان معاشی بحران سے نکل آیا، بجٹ میں عام آدمی کو خوشخبری ملے گی۔
کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہاکہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سے مشاورت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ نے پاکستان کو سرخرو کیا، جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے، حکومت کی کوششوں سے ملکی معیشت میں بہتری آئی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی قیادت میں وزیر خزانہ نے ملکی معیشت کی بہتری کے لیے انتھک محنت کی، وزیراعظم، حکومت اور مسلح افواج مبارکباد کی مستحق ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا۔ دوران جنگ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات چل رہے تھے، اور بھارتی ڈائریکٹر کی کوشش تھی کہ پاکستان کو قسط جاری نہ ہو سکے۔ آج اگر پاکستان ایٹمی طاقت ہے تو اس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا کردار شامل ہے، نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے وطن کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔
ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہاکہ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینا چاہیے، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا جائے۔ پوری قوم نے جذبے کا مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے معاشی اہداف بہتر ہوئے، آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاملات طے ہیں ان پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔ وزیروں، جاگیرداروں سمیت ہر اس شخص پر ٹیکس لگایا جائے جو اس کا اہل ہے۔