ایران کو دھمکی دے کر بچ نکلنے کا زمانہ ختم ہوچکا،باقر قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کو دھمکیاں دینے اور اس کے نتائج سے محفوظ نکل جانے کا دور ختم ہو چکا ہے، جبکہ حالیہ واقعات نے ثابت کر دیا ہے کہ ایران ہر قسم کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

امام خمینی کی 37ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی قوم نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران دنیا پر واضح کر دیا کہ وہ کسی بھی دباؤ یا دھونس کے سامنے سر نہیں جھکائے گی۔انہوں نے کہا کہ امام خمینی نے ایرانی قوم کو یہ درس دیا تھا کہ قومی خودمختاری، آزادی اور وقار کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینا چاہیے۔

محمد باقر قالیباف کے مطابق ایران کی عوام آج بھی امام خمینی اور سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعلیمات اور نظریات پر عمل پیرا ہیں اور ملک کی آزادی و خودمختاری کے خلاف کسی بھی بیرونی مداخلت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایرانی قوم اپنے قومی مفادات، علاقائی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے متحد ہے اور کسی بھی قسم کے دباؤ کو قبول نہیں کرے گی۔

Back to top button