190ملین پاؤنڈکیس میں عمران خان کوسزاسنانےوالےجج کا تبادلہ

190ملین پاؤنڈ،القادرٹرسٹ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اوراہلیہ بشریٰ بی بی کو سزا سنانے والےاحتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا کا تبادلہ کردیا گیا۔

جج ناصر جاوید رانا کا احتساب عدالت سے تبادلہ کرتے ہوئے انہیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ تعینات کردیا گیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کی منظوری سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جسٹس اعظم خان ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ تعینات تھے، جن کو حال ہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا جج تعینات کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ190ملین  پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے کی سزا سنا دی گئی ہے۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔

جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر عمران خان جرمانے کی ادائیگی نہیں کرتے تو انہیں مزید 6 ماہ قید کی سزا ہوگی جبکہ بشریٰ بی بی جرمانہ ادا نہیں کرتیں تو انہیں مزید 3 ماہ جیل میں گزارنا پڑیں گے۔ احتساب عدالت نے القادر ٹرسٹ کو حکومتی تحویل میں لینے کا حکم بھی دیا۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ فیصلہ سنانے کے بعد جج ناصر جاوید رانا عدالت سے روانہ ہوگئے۔

Back to top button