ملک کے بیشتر علاقوں میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 3 سے 7 اکتوبر کے دوران شدید بارشوں، آندھی، طوفان اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے، جس سے درجہ حرارت میں واضح کمی کا امکان ہے۔

محکمے کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان، کشمیر، گلگت بلتستان اور سندھ کے کچھ اضلاع کو متاثر کرے گا۔
بعض علاقوں میں تیز ہواؤں، بجلی کے کڑکڑاتے طوفان اور اولے پڑنے کا خطرہ ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

موسمیاتی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں زمین کھسکنے (لینڈ سلائیڈنگ) اور ندی نالوں میں اچانک سیلاب (فلیش فلڈ) کا خطرہ ہے۔

پنجاب: لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، گوجرانوالہ، سرگودھا، ڈی جی خان سمیت کئی اضلاع میں 4 سے 6 اکتوبر کے دوران شدید بارش متوقع۔

خیبر پختونخوا: دیر، سوات، مانسہرہ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، ٹانک، ڈی آئی خان سمیت تقریباً تمام اضلاع متاثر ہوں گے۔

سندھ: کراچی، ٹھٹہ، بدین، تھرپارکر، حیدرآباد سمیت ساحلی و جنوبی علاقوں میں 3 اکتوبر کو بارش کا امکان۔

بلوچستان: ژوب، کوئٹہ، نصیرآباد، کوہلو، موسیٰ خیل، شیرانی سمیت کئی علاقوں میں 4 سے 6 اکتوبر کے دوران طوفانی بارشیں متوقع۔

کشمیر و گلگت بلتستان: نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، گلگت، اسکردو، ہنزہ میں ژالہ باری، طوفان اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی۔

پی ڈی ایم اے الرٹ جاری کر چکی

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے 5 سے 7 اکتوبر کے دوران دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور ممکنہ شہری سیلاب کے پیش نظر ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

Back to top button