اسرائیل-ایران جنگ بندی میں کردار: صدر ٹرمپ نوبیل امن انعام کےلیے نامزد

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اسرائیل اور ایران کے مابین حالیہ جنگ بندی میں اہم کردار ادا کرنے پر نوبیل امن انعام کےلیے نامزد کر دیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کےمطابق ریاست جارجیا سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن رکن کانگریس، بڈی کارٹر نے نوبیل کمیٹی کو باقاعدہ خط لکھا ہے جس میں صدر ٹرمپ کو 12 روزہ اسرائیل-ایران جنگ بندی کےلیے ان کی کوششوں کے اعتراف میں نوبیل انعام کےلیے تجویز کیا گیا ہے۔
بڈی کارٹر نے اپنے خط میں لکھاکہ صدر ٹرمپ نے دنیا میں دہشت گردی کے سب سے بڑے ریاستی معاون ملک کو مہلک ہتھیاروں کے حصول سے روکنے اور ایک ممکنہ تباہ کن جنگ کے خاتمے میں غیر معمولی کردار ادا کیا،جو بلاشبہ نوبیل امن انعام کے مستحق ہے۔
قبل ازیں حکومت پاکستان بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام دینے کےلیے سفارش کرچکی ہے۔ پاکستان کی جانب سے ناروے میں قائم نوبیل کمیٹی کو لکھےگئے خط میں کہاگیا تھاکہ امریکی صدر ٹرمپ کی بر وقت سفارتی مداخلت سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم ہوئی اور جنگ کا خطرہ ٹل گیا۔
اس حوالے سے صدر ٹرمپ نے تبصرہ کرتےہوئے کہا تھاکہ پاکستان اور بھارت کی جنگ رکوانے پر مجھے نوبیل انعام ملنا چاہیے، لیکن نوبیل انعام صرف لبرلز کو ملتا ہے،یہ لوگ مجھے نہیں دیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کوشش ناکام
یاد رہےکہ گزشتہ ماہ 10 مئی کو، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا اعلان بھی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کیا تھا۔حالیہ اسرائیل-ایران جنگ بندی کا باضابطہ اعلان بھی ٹرمپ ہی کی جانب سے سامنے آیا۔