امریکا کے ایران پر مسلسل چھٹے روز فضائی حملے، 7 افراد جاں بحق

امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، امریکی فوج نے مسلسل چھٹے روز بھی ایران کے مختلف علاقوں میں نئی فضائی کارروائیاں کیں جس میں 7 افراد جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے بیان کے مطابق تازہ حملوں کا مقصد ایران کی عسکری صلاحیتوں کو مزید محدود کرنا اور اس کے فوجی ڈھانچے کو نقصان پہنچانا ہے۔

سینٹکام کا کہنا ہے کہ کارروائیاں ایران کی فوجی صلاحیت کو کمزور کرنے کے لیے جاری رہیں گی۔ تاہم امریکی حکام نے انفرادی اہداف کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق صوبہ ہرمزگان کے ساحلی شہر بندر خمیر میں واقع ایک اہم پل کو رات گئے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پل کو شدید نقصان پہنچا۔ بعد ازاں ایرانی خبر رساں اداروں نے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 7 بتائی۔

حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق کارروائی کے دوران کی ہوارستان پل اور بندر عباس کے ایک رہائشی علاقے کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔

 

ایران نے امریکاکےساتھ مذاکرات کاامکان مسترد کردیا

دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم نے دعویٰ کیا ہے کہ بندر عباس کے قریب ایک پہاڑی پر نصب مواصلاتی ٹاور بھی امریکی حملے کی زد میں آیا، جس کے باعث شہر کے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

Back to top button