عثمان ڈار کا پی ٹی آئی اور سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان

پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما عثمان ڈار نے پارٹی اور سیاست چھوڑںے کا اعلان کر دیا، عثمان ڈار نے اس بات کا اعلان پریس کانفرنس کی بجائے ایک پروگرام کے دوران شرکت کے موقع پر کیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے پارٹی چیئرمین عمران خان کے خلاف چارج شیٹ بھی پیش کی، کہ 9 مئی حملوں کا مقصد فوج پر دباؤ ڈال کر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو عہدے سے فارغ کروانا تھا ، پارٹی کی موجودہ پوزیشن کے ذمہ دار عمران خان خود ہیں۔ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ جنرل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف تعیناتی رکوانے کے لیے کیا گیا تھا۔
مزید انکشاف کیا کہ 9 مئی کا واقعہ ایک دن میں رونما نہیں ہوا، ورکرزکی ایسی ذہن سازی کی گئی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار ہونے نہیں دینا، چیئرمین پی ٹی آئی ریاست مخالف بیانیے کو سپورٹ کرتے تھے۔انکشاف کیا کہ عمران خان نے گرفتاری سے بچنے کیلئے ہیومن شیلڈ کو استعمال کیا، ہماری مرکزی حکومت ختم ہونے کے بعد دو گروپ بن گئے تھے، ایک گروپ میں مراد سعید، اعظم سواتی، حماد اظہر، فرخ حبیب تھے، یہ گروپ ٹکراؤ کی سیاست پر یقین رکھتا تھا۔
عثمان ڈار نے بتایا کہ 9 مئی واقعات کی منصوبہ بندی چیئرمین پی ٹی آئی کی زیر صدارت زمان پارک میں ہوئی، اسد عمر، عمر ایوب، علی محمد خان، شفقت محمود اور میں فوج کے ساتھ مفاہمت کی بات کرتے تھے، 9 مئی ایک شرمناک سانحہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
