بلاگر وقاص گورایہ کو مارنے کی سازش کا الزام ثابت ہو گیا

لندن کی کنگسٹن کورٹ نے ہالینڈ میں جلاوطنی گزارنے والے اینٹی اسٹیبلشمنٹ بلاگر احمد وقاص گورایا کو قتل کرنے کی سازش میں گرفتار پاکستانی نژاد برطانوی شہری گوہر خان کو مجرم قرار دے دیا ہے۔ گوہر پر الزام تھا کہ اس نے ایک پاکستانی ایجنسی کے ایما پر ایک لاکھ پاؤنڈز کی خاطر گورایہ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم گوہر خان پر فرد جرم مارچ 2022 کے وسط میں عائد ہو گی جس کے بعد اسے سزا سنائی جائے گی۔ لندن کی کنگسٹن تھیمز کراؤن کورٹ نے دونوں فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے دو روز بعد فیصلہ سنایا۔

خیال رہے کہ 2019 میں خفیہ ایجنسیوں کے ہاتھوں گرفتار ہونے کے بعد رہا ہوتے ہی احمد وقاص گورایا نے پاکستان چھوڑ دیا تھا اور نیدر لینڈ جا بسے تھے۔ ٹرائل کے دوران استغاثہ نے مؤقف اپنایا تھا کہ احمد وقاص گورایا کو قتل کرنے کی سازش کرتے ہوئے کسی پاکستانی ایجنسی نے بذریعہ ایک مڈل مین گوہر کی خدمات حاصل کی تھیں۔

استغاثہ نے الزام عائد کیا کہ گوہر نے گزشتہ سال احمد وقاص گورایا کو قتل کرنے کی سازش کے تحت ہالینڈ کے شہر روٹرڈیم کا سفر کیا تھا، اس نے احمد وقاص گورایا کے گھر کے باہر جاسوسی کی اور اپنے مقصد میں کامیاب ہونے کے لیے ایک 19 انچ لمبا چاقو بھی خریدا تھا۔جیوری کو بتایا گیا تھا کہ کس طرح مزمل نے مبینہ طور پر 2021 میں گوہر خان سے اس کام کے لیے 80 ہزار پاؤنڈ ادا کرنے کی پیشکش کے ساتھ رابطہ کیا تھا جبکہ اس کے ساتھ اس نے اپنے 20 ہزار پاؤنڈز کمیشن کا بھی ذکر کیا تھا۔
یہ واضح نہیں ہے کہ مزمل کس کے لیے کام کر رہا تھا لیکن یہ ثبوت عدالت کو فراہم کردیا گیا ہے کہ 5 ہزار پاؤنڈ ایک پاکستانی بینک اکاؤنٹ میں ادا کیے گئے اور لندن میں ہنڈی کے ذریعے وصول کیے گئے۔

پولیس والوں نے دعا منگی کے اغوا کار کو کیوں فرار کرایا؟

حتمی ٹرائل کے دوران گوہر خان سے سخت سوالات کیے گئے تھے، تاہم اس نے دعویٰ کیا کہ اس کا کسی کو قتل کرنے کا ارادہ کبھی نہیں تھا بلکہ وہ مزمل سے رقم نکلوانا چاہتا تھا کیونکہ اس نے اسکی رقم واپس کرنا تھی۔ملزم گوہر نے بتایا کہ اس نے اسٹیک، پھل اور روٹی کاٹنے کے لیے چاقو خریدا تھا اور مزمل کو مزید رقم دینے کے لیے راضی کرنے کی غرض سے نیدرلینڈز کا سفر کیا۔

اس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے جو پیغامات مزمل کو اس آلے، ٹارگٹ اور قتل سے متعلق بھیجے تھے ان کا مقصد صرف اسے یہ تاثر دینا تھا کہ وہ قتل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے لیکن حقیقت میں وہ صرف پیسہ چاہتا تھا۔ تاہم جیوری نے تمام دلائل سننے کے بعد گوہر خان کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف فیصلہ دے دیا۔

Back to top button