خبردار! اب ٹریفک چالان ویڈیو اور تصاویر کے ساتھ آئے گا،نیا نظام نافذ

پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں شواہد پر مبنی جدید ٹریفک چالاننگ نظام نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت اب ہر ٹریفک چالان ویڈیو اور تصاویر سمیت مکمل ثبوت کے ساتھ جاری کیا جائے گا تاکہ چالاننگ کے عمل میں شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق کسی بھی ٹریفک خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ شہری کو 8070 سے الرٹ ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس میں خلاف ورزی کے ثبوت کا لنک بھی شامل ہوگا۔ شہری اس لنک پر جا کر اپنی ٹریفک خلاف ورزی کی ویڈیو اور تصاویر دیکھ سکیں گے۔ حکام کے مطابق صوبے بھر میں ٹریفک پولیس ون ایپ کے ذریعے شواہد کے ساتھ ای چالان جاری کیے جائیں گے۔ یہ نظام وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر متعارف کرایا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد چالاننگ کے عمل کو مزید شفاف، منصفانہ اور عوام دوست بنانا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے مطابق شواہد پر مبنی چالاننگ نظام سے شہریوں اور ٹریفک پولیس کے درمیان غیر ضروری بحث و تکرار میں نمایاں کمی آئے گی، دونوں فریقین کے وقت کی بچت ہوگی اور چالان ادا نہ کرنے والوں کے خلاف مؤثر اور ثبوت پر مبنی قانونی کارروائی بھی آسان ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک پولیس کی عوام دوست خدمات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے اور فوری، شفاف اور منصفانہ نظام ہی ایک ترقی یافتہ اور متوازن معاشرے کی بنیاد ہے۔
