بجوؤں کی کھودی سرنگوں نے ریل گاڑیوں کا نظام مفلوج کردیا

ہالینڈ میں ریل گاڑی کی پٹڑیوں کے نیچے ایک عرصے سے سرنگ بنا کر رہنے والے بجوؤں نے ہالینڈ کے ریلوے نظام کو شدید نقصان پہنچایا اور کئی جگہوں پر ایک ہفتے تک ریل گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی ہے۔
ملک کے جنوبی اور شمالی حصے کی ریلوے لائن متاثر ہوکر جگہ جگہ سے بیٹھ گئی ہے۔ اسی طرح ڈین بوش اور باکسٹیل شہروں کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت بالکل ختم ہوکررہ گئی تھی۔ واضح رہے کہ بجو کو ہالینڈ میں تحفظ حاصل ہے اور یہی وجہ ہے کہ ماہرین اس کا حل بتانے سے قاصر ہیں۔
گزشتہ ماہ اسی جانور کی سرگرمی سے مولک وورم اور صوبہ فرائسلینڈ کے درمیان ریلوے لائن بند کی گئی تھی جو اگلے ماہ تک بحال نہیں ہوپائے گی۔
فی الحال ایک تجویز یہ سامنے آئی ہے کہ بجوؤں کو سرنگ کھودنے سے بچانے کے لیے ریلوے لائنوں کے اطراف ریت کے ٹیلے بنائے جائیں تاکہ وہ عین پٹڑیوں کے نیچے اپنا گھر نہ بناسکیں۔
