ویلڈن گرین شرٹس:محسن نقوی کی قومی ٹیم کوجیت پرمبارکباد

پاکستان کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں شاندار کامیابی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ہے۔
محسن نقوی نے ایکس پرلکھا کہ گرین شرٹس نے بہترین ٹیم ورک اور پروفیشنل اپروچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار فتح حاصل کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ بابر اعظم کی بیٹنگ اور شاہین آفریدی کی بولنگ نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کی جیت کھلاڑیوں کی محنت اور عزم کا نتیجہ ہے، قومی ٹیم نے کرکٹ کے بہترین ماحول میں ہر میچ سے مثبت سبق سیکھا ہے۔
واضح رہے کہ تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستانی باؤلرز کے بعد بیٹرز نے بھی کمال دکھا دیا، فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں باؤلرز کے بعد بیٹرز نے بھی اپنی مہارت دکھائی اور جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا گیا 140 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر 6 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔
ٹاپ آرڈر بیٹر بابر اعظم کی زمہ دارانہ47 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز نے پاکستان کو ہدف حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا، کپتان سلمان علی آغا 33 اور صاحب زادہ فرحان 19 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
