ماہرہ خان نے اب کون سا منفرد اعزاز حاصل کر لیا؟

معروف اداکارہ ماہرہ خان کو وہ پہلی پاکستانی ایکٹریس ہونے کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے جس نے کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کو کامیابی سے شکست دی ہے۔

ماہرہ خان نے اومیکرون کو شکست دینے کے بعد اپنے نئے انداز سے مداحوں پر سحر طاری کر دیا ہے، اداکارہ نے اومیکرون وائرس کو شکست دینے کے بعد نیو شارٹ ہیئر سٹائل اپناتے ہوئے خود کو منفرد انداز دیا ہے جس کو مداحوں کی بڑی تعداد سراہا رہی ہے۔ سپر سٹار ماہرہ خان نے انسٹا گرام پر اپنے نئے انداز کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ ’’اومیکرون‘‘ کا شکار ہو گئی تھیں لیکن اب وہ صحت یاب ہو چکی ہیں۔

انہوں نے واضح نہیں کیا کہ وہ کب اومیکرون میں مبتلا ہوئی تھیں، تاہم بتایا کہ صحت یابی کے بعد وہ جب اپنا ہیئر سٹائل تبدیل کروانے گئیں تو بالوں کو رنگ کروانے کے بجائے انہیں چھوٹا کروا دیا۔ ماہرہ خان نے لکھا کہ زمانہ طالب علمی سے لے کر اب تک انہوں نے کبھی اپنے بال نہیں کٹوائے تھے اور نہ ہی ان کا رنگ تبدیل کیا تھا مگر کرونا سے صحتیاب ہونے کے بعد وہ بالوں پر ’’ہرا‘‘ رنگ کرنا چاہتی تھیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ انکے اصرار کے باوجود ہیئر اسٹائلسٹ نے ان کے بالوں کا رنگ گرین نہیں کیا اور انہیں چھوٹا کر کے سٹائلش کر دیا، جب وہ چھوٹے بالوں کے ساتھ گھر پہنچیں تو ان کی والدہ بھی انہیں دیکھ کر حیران رہ گئیں جبکہ وہ خود بھی اپنے نئے انداز پر خوش ہیں۔

حرا مانی کا مینجر سے جھگڑا تھانے پہنچ گیا

ماہرہ خان نے لکھا کہ وہ یہ نہیں جانتیں کہ انہون نے اپنا ہیئر سٹائل کیوں تبدیل کیا؟ ساتھ ہی ماہرہ نے لکھا کہ یہ ساری باتیں خدا جانتا ہے مگر انہیں ہیئر سٹائل اور انداز تبدیل کر کے اچھا محسوس ہو رہا ہے۔

اداکارہ کے نئے انداز کو کافی شوبز شخصیات نے سراہا ہے جبکہ مداحوں نے بھی ان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ وہ پہلے سے زیادہ پرکشش دکھائی دے رہی ہیں۔

’اومیکرون‘ کا شکار ہونے سے قبل دسمبر 2020 میں بھی ماہرہ خان کرونا وائرس کا شکار ہو گئی تھیں اور چند ہفتوں تک گھر میں قرنطینہ رہنے کے بعد صحت یاب ہوئی تھیں۔ بعد ازاں ملک میں ویکسینیشن مہم شروع ہوتے ہی ماہرہ نے کرونا سے تحفظ کی ویکسین لگوائی تھی، کئی اور شوبز شخصیات اور عام افراد بھی ویکسینیشن کے بعد بھی کرونا کا شکار ہو چکے ہیں، تاہم ویکسینیشن کے بعد کرونا کی شدت پہلے جتنی زیادہ نہیں رہتی اور مریض کو ہسپتال میں داخل کرانے کی نوبت بھی نہیں آتی۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان کو کرونا کی پانچویں لہر کا سامنا ہے اور دیگر ممالک کی طرح ملک میں بھی اومیکرون کا پھیلاؤ دیکھا جا رہا ہے۔

Back to top button