میدان خالی نہیں چھوڑیں گے،پی ٹی آئی کاضمنی الیکشن لڑنےکافیصلہ

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے اور میدان خالی نہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں جہاں اختلافی آراء سامنے آئیں، وہیں کئی اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ اجلاس کی اندرونی تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پی ٹی آئی ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کی، جب کہ چیئرمین بیرسٹر گوہر ذاتی مصروفیات کے باعث شریک نہ ہو سکے۔
اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے معاملے پر علی بخاری کو خصوصی طور پر اجلاس میں مدعو کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق علی بخاری نے بانی چیئرمین کا پیغام پہنچایا کہ اگر موجودہ اپوزیشن لیڈرز کو عدالتوں سے ریلیف ملتا ہے تو ان کے نام برقرار رہیں گے، بصورت دیگر محمود خان اچکزئی اور اعظم سواتی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کیا جائے گا۔
اجلاس میں بعض اراکین نے سوال اٹھایا کہ علی بخاری کو یہ پیغام لینے اور دینے کا اختیار کس نے دیا؟ اس موقع پر سلمان اکرم راجا نے بحث کے دوران طبیعت ناساز ہونے کا عذر پیش کیا اور اجلاس سے باہر چلے گئے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی کے متعدد ارکان نے اعتراض کیا کہ عدالتی فیصلے آنے سے قبل اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے حوالے سے جلد بازی کیوں کی گئی؟ اور یہ پیغام کس کی ہدایت پر بانی تحریک انصاف تک پہنچایا گیا؟
اجلاس میں اکثریت کی رائے تھی کہ ضمنی انتخابات میں ہر نشست پر اسی حلقے سے تعلق رکھنے والے امیدوار کو آگے لایا جائے، جبکہ نااہل امیدواروں کے قریبی رشتہ داروں کو بھی ٹکٹ دیے جانے پر غور کیا جا سکتا ہے۔
مزید یہ طے پایا کہ امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لیے آج دوبارہ سیاسی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا، جس میں ضمنی انتخابات پر مزید مشاورت کی جائے گی۔
