عمران خان رہانہیں ہوئے:عطا تارڑ کی پی ٹی آئی کےجشن پرتنقید

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کی ضمانت کا مطلب بریت نہیں ہوتا۔پی ٹی آئی والےجشن نہ منائیں،کیسز کا ٹرائل جاری ہے اور انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پوری قوم نے اپنی آنکھوں سے دیکھے، جن کے ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی تھے۔ ان کے بقول یہ سب کچھ ایک سازش کے تحت کیا گیا تاکہ دشمن عناصر ملک کے حالات کا فائدہ اٹھا سکیں، لیکن آج تحریک انصاف کے پاس ان واقعات کا کوئی دفاع نہیں ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما ضمانت پر خوشیاں منا کر خود کو دھوکہ دے رہے ہیں، حالانکہ ضمانت تو قاتل اور ڈکیت کو بھی ملتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم نے تحریک انصاف کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے اور محض جشن منانے سے سچائی کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی ٹیم کچھ بھی پیش نہ کر سکی۔ ’’کابینہ سے بند لفافے میں معاہدے کی منظوری لی گئی اور کہا گیا کہ اندر کیا ہے یہ نہ پوچھا جائے، بس دستخط کر دیں۔‘‘ ان کے مطابق یہ رقم حکومت پاکستان کو ملنی تھی لیکن جرمانے میں جمع کرا دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ایک ضمانت پر اتنا بڑا جشن سمجھ سے باہر ہے۔ بانی پی ٹی آئی ابھی بھی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں قید ہیں اور ضمانت رہائی کے مترادف نہیں۔ ’’پی ٹی آئی کی خوش فہمی پر صرف ماتم ہی کیا جا سکتا ہے۔‘‘ عطا تارڑ نے کہا کہ ان کے خلاف توشہ خانہ ٹو سمیت دیگر کیسز بھی زیر سماعت ہیں اور ان کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

Back to top button