ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ کل کراچی میں شروع ہوگا

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قومی ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ کل جمعرات سے کراچی میں شروع ہوگا جس میں ملک کے 24 شہروں سے تعلق رکھنے والی 75 کھلاڑی 5 ٹیموں کی نمائندگی کریں گی۔
ٹورنامنٹ 20 اگست سے 4 ستمبر تک کراچی کے این بی پی سپورٹس کمپلیکس اور ایچ پی سی اوول گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جس کا مقصد ملک میں خواتین کرکٹ کے اگلے ٹیلنٹ کو تلاش کرنا اور اسے بین الاقوامی سطح کے لیے تیار کرنا ہے۔
ٹورنامنٹ کے ابتدائی 10 میچز 30 اوورز فی اننگز کے فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے جبکہ بقیہ 10 لیگ میچز اور 4 ستمبر کو ہونے والا فائنل ٹی 20 فارمیٹ میں ہوگا۔
ایونٹ میں 5 ٹیمیں کونکررز، چیلنجرز، سٹرائیکرز، سٹارز اور انونسیبلز حصہ لے رہی ہیں۔ تمام ٹیمیں ڈبل راؤنڈ رابن مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف 2،2 میچز کھیلیں گی اور اس طرح ہر ٹیم 8 لیگ میچز کھیلے گی۔
لیگ مرحلے میں سرفہرست رہنے والی دو ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی تاہم فائنل کے مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کی کپتان فزا فیاض چیلنجرز کی قیادت کریں گی جبکہ سمیہ افضل، راویل فرحان، کومل خان اور ذوفشاں ایاز بالترتیب کونکررز، سٹرائیکرز، سٹارز اور انونسیبلز کی کپتان مقرر کی گئی ہیں۔
