ورلڈکپ، بھارت جانے کا فیصلہ حکومت کرے گی

ورلڈ کپ کیلیے پاکستان ٹیم کے بھارت جانے کا فیصلہ حکومت کرے گی۔
ایشیا کپ کے پاکستان میں انعقاد اور پاکستانی ٹیم کے ورلڈ کپ کیلیے بھارت جانے کا معاملہ بدستور غیریقینی سے دوچاراور پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی جانب سے اس بارے میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
نجم سیٹھی کا اپنے تازہ ترین انٹرویو میں کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کیلیے بھارت جانے کا فیصلہ نہ تو شاہد آفریدی نے کرنا ہے نہ یہ میرا فیصلہ ہوگا اور نہ ہی اس حوالے سے بھارتی بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کچھ کرسکتے ہیں، اس بات کا فیصلہ ادھر بھارتی حکومت اور ادھر پاکستان کی حکومت نے کرنا ہے، سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر ہی یہ فیصلہ کیا جاتا ہے، اگر ہماری حکومت اجازت دیتی ہے تو پھر ہم ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے ضرور جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں میری جے شاہ کی درخواست پر ایشین کرکٹ کونسل کے نائب صدر پنکج کھمجی سے ملاقات ہوئی تھی، میں نے ان کے ساتھ تفصیل کے ساتھ ہائبرڈ ماڈل کی تفصیلات شیئر کیں جوکہ ان کو بہت پسند آئیں، انھوں نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ جے شاہ سے مل کر اس پر تبادلہ خیال کریں گے، میں ابھی تک ان کے جواب کا انتظار کررہا ہوں۔
