اداکارہ سونیا حسین بچہ کیوں گود لینا چاہتی ہیں؟

پاکستانی ودیا بالن کہلانے والی خوبصورت اداکارہ سونیا حسین نے کہا کہ اگرچہ انہیں اپنے بچے کی شدید خواہش ہے لیکن اس سے پہلے وہ کسی یتیم بچے کو گود لینا چاہیں گی۔ ایک بھارتی خاتون صحافی کو انٹرویو دیتے ہوئے سونیا حسین نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی کا خاتمہ چاہتی ہیں چونکہ اس سے دونوں ملکوں کے عوام کا فائدہ ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ پاک بھارت ثقافت ایک ہونے کے باوجود ایسی کشیدگی نہیں ہونی چاہئیں۔ سونیا حسین کا کہنا تھا کہ انہیں پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کی وجہ سمجھ نہیں آتی۔ انکا کہنا تھا کہ اگر دیکھا جائے تو پاکستان اور بھارت میں ثقافتی لحاظ سے کوئی زیادہ فرق نہیں ہے، دونوں کی رسم و رواج بھی ملتی جُلتی ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کی ایک دوسرے کے ساتھ دوستیاں بھی ہیں لیکن دونوں ہمسائے سیاسی کشیدگی کی وجہ سے ایک دوسرے سے دور ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں سونیا نے کہا کہ پروڈیوسرز کی جانب سے گوری رنگت والی لڑکیوں کو فوقیت دینا انہیں سمجھ نہیں آتا کیونکہ ان کے خیال میں گوری رنگت خوبصورتی کا معیار نہیں۔ تاہم پاکستان اور بھارت میں گوری رنگت کو تب سے ترجیح دی جا رہی ہے، جب یہاں گورے آئے اور پھر گوری رنگت کو بڑے پن سے جوڑ دیا گیا۔ یاد رہے کہ سونیا حسین گندمی رنگت والی اداکارہ ییں۔ سونیا نے بتایا کہ ماضی میں پاکستان میں بہت زیادہ فلمیں بنتی تھیں، جن میں اکثر پنجابی فلمیں ہوتی تھیں۔ تب لاہور فلمی دنیا کا مرکز ہوا کرتا تھا لیکن اب سب کچھ تبدیل ہو چکا ہے اور کراچی شوبز کا مرکز بن چکا ہے۔ اسی لیے اب صرف اُردو میں فلمیں بنتی ہیں مگر ان کی تعداد بہت کم ہوگئی ہے۔ ایک سوال پر سونیا نے بتایا کہ کسی بھی خاتون کو زندگی گزارنے کیلئے مرد کی ضرورت نہیں ہونی چاہئے اور یہ خیال غلط ہے، جس طرح ایک مرد تنہا زندگی گزار سکتا ہے، اسی طرح خاتون بھی اکیلے زندگی گزار سکتی ہے، البتہ دونوں کو محبت کے لیے ایکدوسرے کی ضرورت پڑ سکتی ہے، اداکارہ نے بتایا کہ ان کی نظر میں اداکاری کے لیے ڈرامے بہتر آپشن ہیں، کیونکہ فلموں کی نسبت ڈرامے موضوعات اور مسائل پر بنائے جاتے ہیں اور ان میں کرداروں کی بھی اہمیت ہوتی ہے۔
سونیا کے مطابق فلموں میں زیادہ تر ہیروئن کا کردار فلم کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے ہوتا ہے، اس کا کام صرف ہیرو کو غیر مشروط پیار کرنا، اور اسکے لیے گانوں پر ڈانس کرنا ہوتا ہے، اس لیے انہیں فلمیں سمجھ نہیں آتیں اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ایسے ڈراموں میں کام کریں، جن میں ہیروئن کا کردار مضبوط ہو۔ سونیا حسین نے دلیل دی کہ جب دنیا میں اتنے سارے بچے بے سہارا اور یتیم ہیں تو انہیں سہارا دینے کے بجائے کسی نئے انسان کو کیوں پیدا کیا جائے؟ انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے شہرہ آفاق ڈرامے ’’دھوپ کنارے اور پرچھائیاں‘‘ نہیں دیکھے، سونیا نے مرینہ خان کو بہترین اداکارہ، امیتابھ بچن کو بہترین اداکار اور نورجہاں اور لتا منگیشکر کو لیجنڈری گلوکارائیں قرار دیا۔ اداکارہ نے بتایا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ صبا قمر سے یہ پوچھیں گی کہ یہ ’’شانو‘‘ کون ہیں جن سے متعلق وہ محبت کے دعوے کرتی ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ سپر سٹار شاہ رخ خان سے یہ پوچھیں گی کہ وہ اتنے بڑے اداکار ہونے کے باوجود اتنے بے ضرر اور لوگوں میں گھل مل جانیوالے شخص کیسے بن جاتے ہیں؟
