ڈیانا اور چارلس کے بگڑتے تعلقات کی کہانی ’’دی کرائون‘‘


دنیا کے سب سے بڑے آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کی معروف سیریز ’’دی کرائون‘‘ سیزن فائیو کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے، جس میں شہزادی ڈیانا اور ان کے شوہر پرنس چارلس کی بگڑتی ہوئی ازدواجی زندگی کی عکاسی کی گئی ہے۔ ’’دی کراؤن‘‘ کے ٹریلر کو چند گھنٹوں میں ہی لاکھوں صارفین دیکھ چکے ہیں، پاکستان میں بھی اس سیزن کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا تھا کیونکہ اس میں اداکار ہمایوں سعید بھی نظر آئیں گے۔ پاکستانی اداکار ہمایوں سعید اس سیریز میں شہزادی ڈیانا سے قربت رکھنے والے ڈاکٹر حسنات خان کا کردار ادا کر رہے ہیں تاہم ٹریلر میں ان کی جھلک نہ ہونے کی وجہ سے ان کے مداحوں کو مایوسی ہوئی ہے۔

یہ ’’دی کراؤن‘‘ سیریز کا پہلا سیزن ہوگا جو کہ سابق ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم اور ان کے شوہر پرنس فلپ کے انتقال کے بعد نشر کیا جائے گا، اس سے قبل ریلیز ہونے والے چاروں سیزن کی کہانی ان ہی دونوں کے کرداروں کے گرد گھومتی رہی تھی۔پانچویں سیزن میں شہزادی ڈیانا اور ان کے شوہر پرنس چارلس کی بگڑتی ہوئی ازدواجی زندگی کی عکاسی کی گئی ہے جبکہ کمیلا پارکر بولز بھی اس رومانوی تکون کا تیسرا پہلو تھیں۔ اس کے علاوہ 90 کی دہائی میں شاہی محل میں آگ لگنا، عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں سے محل کی مرمت پر شہریوں کا احتجاج، شہزادی ڈیانا کا ’’ریوینج ڈریس‘‘ پہن کر تقریب میں شرکت کرنا اور ایک ایسا انٹرویو دینا جس میں اپنی شادی کی ناکامی کا ذمے دار شاہی خاندان کو قرار دیا جانا، یہ سب کچھ اس سیزن کا حصہ ہوگا۔

’’دی کراؤن‘‘ کے اب تک ریلیز ہونے والے چاروں سیزن میں سابق ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم کی شادی اور تاج پوشی کی کہانی سے لے کر ان کی چھوٹی بہن شہزادی مارگریٹ کے تعلقات اور وزیراعظم ونسٹن چرچل کے استعفے کی وجوہات بھی بیان کی گئی ہیں۔ دوسرے سیزن میں 1956 میں ہونے والے سوئز کرائسز، برطانیہ کے تیسرے وزیر اعظم کا استعفیٰ اور پروفومو اسکینڈل جیسے واقعات کو ڈرامائی انداز میں پیش کیا گیا ہے، جبکہ ملکہ کی امریکہ کے صدر جان ایف کینیڈی اور انکی اہلیہ جیکی سے ملاقات بھی دکھائی گئی ہے۔ ملکہ برطانیہ کی سلور جوبلی تقریبات، انسان کی چاند پر لینڈنگ اور سابق بادشاہ ، ملکہ کے چچا اورڈیوک اور ونڈسر کے انتقال کو تیسرے سیزن کا حصہ بنایا گیا ہے، اس کے علاوہ شہزادی مارگریٹ کی طلاق اور ونسٹن چرچل کی سرکاری سطح پر تدفین جیسے واقعات کی ڈرامائی تشکیل اس سیزن میں پیش کی گئی۔ اس سیریز کا اب تک کا سب سے متنازع سیزن چار تھا جس میں نہ صرف لارڈ ماؤنٹ بیٹن کی موت کے محرکات بیان کیے گئے بلکہ اس میں شہزادی ڈیانا کی انٹری بھی ہوئی۔

‘دی کراؤن’ کے پہلے سیزن کا آغاز 1947 سے ہوا تھا، جبکہ چوتھے سیزن کا اختتام 1990 پر ہوا تھا۔ اب اگلے سیزن کی کہانی میں 90 کی دہائی میں شاہی خاندان میں پیش آنے والے حالات اور واقعات کی عکاسی کی جائے گی۔ دیگر ٹی وی شوز یا ویب سیزیز کے برعکس ‘دی کراؤن’ میں ہر سیزن میں اداکار بھی بدلتے ہیں، ٹریلر میں ہمایوں سعید کی جھلک تو نہیں نظر آئی لیکن پاکستانی اداکار نے اپنی پرفارمنس سے لیڈی ڈیانا کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ایلزبتھ ڈیبیکی کو متاثر کیا، ’’انٹرٹینمنٹ ویکلی‘‘ سے بات کرتے ہوئے آسٹریلوی اداکارہ نے کہا کہ انہیں ہمایوں سعیدکے ساتھ کام کرکے بہت اچھا لگا، ان کے بقول ہمایوں سعید جتنے پیارے اداکار ہیں وہ اتنے ہی خوبصورت انسان بھی ہیں۔ایلزبتھ ڈیبیکی نے لیڈی ڈیانا کے دوسرے دوست ڈوڈی الفائد کا کردار نبھانے والے مصری اداکار خالد عبداللہ کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا تھا۔

Back to top button