امریکا ایران مذاکرات کا اگلا دور کب اور کہاں ہو گا؟

امریکا، ایران مذاکرات کا اگلا دور پاکستان میں متوقع ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور 11 جولائی کو پاکستان میں ہونے کا امکان ہے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان کئی اہم اور حساس معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔
العربیہ ٹی وی کے مطابق مجوزہ مذاکرات میں ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں، ایرانی منجمد اثاثوں کی بحالی اور جوہری پروگرام سے متعلق امور سرفہرست ہوں گے۔ دونوں فریق ان معاملات پر پیش رفت کے لیے مختلف تجاویز پر غور کر سکتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات میں شریک ایرانی وفد کی قیادت کے بارے میں حتمی فیصلہ سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کی تقریبات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ اسی وجہ سے وفد کی تشکیل اور قیادت کے حوالے سے ابھی تک باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
العربیہ کے مطابق توقع ہے کہ ایران کی جانب سے مذاکراتی ٹیم اور اس کے سربراہ کا باقاعدہ اعلان تدفین کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا، جس کے بعد پاکستان میں مجوزہ مذاکرات کے انتظامات اور شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی۔
