ایف آئی اے نے ریاست مخالف بیانیے پر اسد علی طور کو طلب کر لیا

ایف آئی اے نے اسد علی طور کو 4 جون کو طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم نے ریاست مخالف بیانیے پر صحافی و بلاگر اسد علی طور کو چار جون کو طلب کر لیا ہے۔ ایف آئی اے راولپنڈی کی انسپکٹر شمائلہ سعید کے دستخطوں سے جاری سمن میں کہا گیا ہے کہ تحصیل و ضلع راولپنڈی کے موضع دھمیال کے رہائشی فیاض محمود راجہ ولد محمد خان نے آپ کے خلاف درخواست دی ہے جس میں ریاست مخالف بیانیے کا الزام لگایا ہے اور آپ اس سے اچھی طرح آگاہ ہیں لہٰذا 4 جون کو ایف آئی اے سائبر کرائم کے دفتر پروفیشنل پلازہ 7 اے ویسٹ روڈ نیو گلزار قائد راولپنڈی میں 11 بجے دن پہنچ کر اپنا بیان قلمبند کرائیں۔ عدم حاضری کی صورت میں آپ کے خلاف 174 سی آر پی سی کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد میں معروف صحافی اور یوٹیوب بلاگر اسد علی طور کو گھر میں گھس کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہ واقعہ منگل کی شب اسلام آباد کے سیکٹر ایف الیون میں پیش آیا جب تین نامعلوم افراد اسد علی طور کے فلیٹ میں زبردستی داخل ہوئے اور ان کے ہاتھ پاؤں باندھ کر زدو کوب کر لیا۔ اسد علی طور نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ ان پر تشدد کرنے والے افراد مسلح تھے۔ پستول کے بٹ اور پائپ سے مارا پیٹا۔ اسد علی طور نے مزید کہا کہ ان پر حملہ کرنے والے افراد نے انہیں ٹھوکریں ماری اور زبردستی نعرے بھی لگوائے۔ اس حوالے سے ان کے فلیٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کہ اسد طور پر حملہ کرنے والے تینوں افراد نے چہرے ماسک سے ڈھانپ رکھے تھے۔ وہ صحافی پر حملہ کرنے کے بعد باآسانی فرار ہوگئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں اسد علی طور کو زخمی حالت میں فلیٹ سے باہر نکلتے اور مدد کےلیے پکارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

Back to top button