ویب سیریز ’’مادر ملت‘‘ کی مسلسل دوسرے سال ریلیز ملتوی

محترمہ فاطمہ جناح کی زندگی پر مبنی ویب سیریز ’’مادر ملت‘‘ کی ریلیز مسلسل دوسرے سال ملتوی کر دی گئی، فلم کو گزشتہ سال 14 اگست پر ریلیز کیا جانا تھا جس کے بعد رواں برس ریلیز کا اعلان سامنے آیا تھا لیکن اس سال بھی فلم کی ریلیز ادھوری رہی، ٹیم نے ویب سیریز کو ریلیز کیے بغیر اس کے ’اوریجنل ساؤنڈ ٹریک‘ (او ایس ٹی) کی گانے کے بغیر ویڈیو جاری کر دی۔’مادر ملت: اے سسٹر‘ نامی ویب سیریز کو بنانے والی پروڈکشن کمپنی ’اور ڈیجیٹل‘ نے اسے ریلیز نہ کرنے کی وجہ نہیں بتائی، تاہم اب بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سیریز کو جلد ریلیز کیا جائے گا، اس بار ویب سیریز کی جاری کی گئی او ایس ٹی کی ویڈیو میں متعدد نئے کرداروں کو متعارف کرایا گیا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ویب سیریز نہ صرف میگا بجٹ ہوگی بلکہ اس میں متعدد بڑے کردار دکھائی دیں گے۔او ایس ٹی کی ویڈیو میں قائد اعظم محمد جناح، علامہ اقبال اور مہاتما گاندھی سمیت دیگر بڑے کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے، مہاتما گاندھی کا کردار سرمد کھوسٹ، علامہ اقبال کا کردار عثمان مختار جب کہ قائد اعظم کا کردار عامر قریشی ادا کرتے دکھائی دیں گے، او ایس ٹی ویڈیو میں کبریٰ خان اور انوشے اشرف سمیت دیگر کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ویب سیریز میں بڑے اداکار دیکھنے کو ملیں گے۔ویب سیریز کی ہدایات دانیال کے افضال نے دی ہیں، جنہوں نے گزشتہ برس بتایا تھا کہ تین سیزنز پر مشتمل سیریز کا ہر سیزن 15 اقساط پر مشتمل ہوگا اور پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کا بچپن اور جوانی دکھائی جائے گی، جبکہ سیریز کے دوسرے سیزن میں تحریک آزادی، تقسیم برصغیر اور قیام پاکستان کے واقعات دکھائے جائیں گے اور اس سیزن میں سجل علی ’مادر ملت‘ کا کردار ادا کریں گی جبکہ تیسرے سیزن میں سامعہ ممتاز فاطمہ جناح کا روپ دھاریں گی، ویب سیریزکے گزشتہ برس جاری کیے گئے مفصل 15 منٹ دورانیے کے ٹریلر میں فاطمہ جناح کے قیام پاکستان سے قبل، قیام پاکستان کے وقت اور قیام پاکستان کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ٹریلر میں فاطمہ جناح کے لڑکپن اور جوانی کا کردار سندس فرحان جبکہ ان کی ادھیڑ عمری کا کردار سجل علی اور زائد العمری کا کردار سامعہ ممتاز کو ادا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ٹریلر میں سوشل میڈیا سے اداکاری کے میدان میں آنے والی دنانیر مبین کے کردار کو بھی دکھایا گیا ہے، جنہوں نے ’انیتا پونا والا‘ نامی صحافی کا کردار ادا کیا ہے۔ٹریلر میں قیام پاکستان کے وقت ہونے والی قتل و غارت گری کو بھی دکھایا گیا ہے اور ٹرین میں بچوں، خواتین اور مرد حضرات کی لاشوں کے دل ہلا دینے والے مناظر بھی دکھائی گئے ہیں، ٹریلر میں قیام پاکستان کے بعد فاطمہ جناح کو صدارتی انتخاب کے امیدوار کے طور پر بھی دکھایا گیا ہے
