امریکا اور ایران کے ساتھ سفارتی رابطے مسلسل برقرار ہیں: دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کےلیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، امریکا اور ایران کے ساتھ سفارتی رابطے مسلسل برقرار ہیں،مذاکرات پر مبنی سفارت کاری پر یقین رکھتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا نیوز بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ ترکیہ کے صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف کی امن کوششوں کو سراہا، ترکیہ پاکستان کی امن کوششوں کی مسلسل حمایت کررہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کا ایران اور سعودی عرب کی قیادت سے بھی رابطہ ہوا، انہوں نے سعودی ولی عہد کی پاکستان کےلیے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا،پاکستان اور سعودی عرب کےبرادرانہ اور مضبوط تعلقات ہیں، دونوں ممالک سٹریٹجک دفاعی شراکت دار ہیں۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ وزیر اعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی،قطری قیادت نے خطے میں کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے یورپی کونسل کے صدر کی بھی بات ہوئی،دونوں رہنماؤں نے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایاکہ پاکستان خطے میں امن کےلیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے،امریکا اور ایران کے ساتھ سفارتی رابطے مسلسل برقرار ہیں،پیچیدہ مسائل کے حل کےلیے مذاکرات پر مبنی سفارت کاری پر یقین رکھتے ہیں۔
ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہاکہ پاکستان صومالی لینڈ کو صومالیہ کا حصہ تصور کرتا ہے،پاکستان صومالیہ کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتاہے۔
ترجمان نے بتایا کہ افغانستان سے سرحد پار فائرنگ اور گولہ باری کی مذمت کرتےہیں،ماضی میں بھی ایسے واقعات میں شہریوں کو نشانہ بنایاگیا،متاثرہ خاندانوں سے مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتےہیں،متاثرین کی مدد کےلیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
