ایران دشمن ممالک کو آبنائے ہرمز میں داخل نہیں ہونے دے گا: ایرانی صدر

ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایران دشمن ممالک کو آبنائے ہرمز میں داخل نہیں ہونے دے گا، آبنائے ہرمز ایرانی قوم کی مزاحمت کی علامت ہے۔ اس آبی گزرگاہ میں کسی بھی قسم کی بدامنی کی ذمے داری امریکا اور صہیونی حکومت پر عائد ہوگی ۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اس سٹریٹجک سمندری راستے کی حفاظت کو اپنی قومی سلامتی کا اہم جزو سمجھتا ہے۔
صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران بارہا اس مؤقف کا اعادہ کرچکا ہے کہ وہ خطے میں بیرونی مداخلت کو مسترد کرتا ہے،ایرانی بندرگاہوں پر امریکی بحری ناکہ بندی یا کسی بھی قسم کی پابندیاں عائد کرنے کی کوشش بین الاقوامی قانون کے منافی ہے اور یہ ناکام ہوں گی۔
دشمن ہرمز کی جانب بڑھا تو تیز ترین ردعمل دیں گے: ایرانی نیول چیف
ایران کے صدر نے کہا کہ ایسی کارروائیاں خطے کی سلامتی کو بہتر بنانے کے بجائے کشیدگی میں اضافے اور خلیج فارس میں دیرپا استحکام کی راہ میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہیں۔
