وزیراعظم نے “اپنا گھر سکیم” کا اجراء کردیا

اسلام آباد میں “وزیراعظم اپنا گھر سکیم” کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہاکہ اپنا گھر سکیم کےلیے قرض کا حصول آسان بنایا گیا ہے،1 کروڑ تک قرض آسان شرائط پر دستیاب ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ “وزیراعظم اپنا گھر سکیم” چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کےلیے بھی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ عوام کی ایک بڑی تعداد اپنے گھر سے محروم ہے، عوام کو چھت کی فراہمی مقدس فریضہ ہے۔گھر کےلیے قرض حاصل کرنے والوں کو مبارک باد دیتا ہوں،عام آدمی کو چھت کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارا پہلا ہدف 50 ہزار گھروں کےلیے قرض ہے،اس سکیم کےلیے 321 ارب روپے کی فنانسنگ مختص کی گئی ہے،آئندہ 4 برس میں ہمارا ہدف 5 لاکھ گھروں کا ہے،اس سکیم کا حجم 3.2 کھرب روپے کا ہے، 10 مرلے کی زمین تک گھر بنایا جاسکے گا، میں اس سکیم کا ہر مہینے خود جائزہ لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ جو بینکس اس سکیم میں لیڈ لیں گے وہ ہمارے سروں کے تاج ہوں گے،ان بینکوں کو ہم 14 اگست کو ایوارڈ دیں گے،اس سے انڈسٹری اور کامرس چلے گی اور ملک میں خوش حالی کے دروازے کھلیں گے۔
