لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں طلبا یکجہتی مارچ

پروگریسو اسٹوڈنٹس کولیکٹو نے کراچی ، پشاور، اسلام آباد اور لاہور میں طلبہ یکجہتی مارچ کیا ، لاہور میں بڑھتی فیسوں، ہراسانی کیخلاف اور طلبہ یونین کی بحالی کیلئے بھرپور احتجاج کیا گیا۔

لاہور میں ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک طلبا نے مارچ کیا ، مختلف یونیورسٹیز کے طلبا نے شرکت کی اور مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ طالبات کو ہراساں کرنے کے واقعات بڑھ رہے ہیں جبکہ فیسوں میں سو فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: احمد نورانی کی فیملی پر حملہ کس نے کروایا؟

پشاور میں بھی طلبہ نے پریس کلب کے سامنے یکجہتی مارچ کیا۔چیرنگ کراس پر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی طلبہ نے تھیٹر بھی پیش کیا۔کراچی میں بھی پروگریسو اسٹوڈنٹس کولیکٹو کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اسلام آباد میں بھی نیشنل پریس کلب کے سامنے کئی طلبہ تنظیموں نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ ہمارا بنیادی مطالبہ طلبہ یونینز کی بحالی ہے ، حکومت ملکی سطح پر طلبہ یونینز کی بحالی کیلئے انتخابات کرائے۔

مظاہرین نے طلبہ یونین کی بحالی، تعلیم کی مفت فراہمی، تعلیمی اداروں کی نجکاری کا خاتمہ اور فیسوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔مظا ہرین نے نیشنل پریس کلب سے لے کر ایف 6 مرکز تک ریلی بھی نکالی۔

Back to top button