آج پاکستان میں جمہوریت نام کی رہ گئی

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں نام کی جمہوریت رہ گئی ہے، کبھی آر او الیکشن تو کبھی آر ٹی ایس کا الیکشن کرا کر عوام سے جمہوریت چھینی گئی ہے۔
بلاول بھٹو نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 14ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 14سال گزرنے کے باوجود لوگ بے نظیر بھٹو شہید کو یاد کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ آج پاکستان میں جمہوریت نام کی رہ گئی، نہ بولنے کی آزادی ہے، نہ جینے کی، نہ سانس لینے کی آزادی ہے، غریب عوام لاوارث ہوگئے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ شہید بی بی آپ کہتی تھیں کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے اور ہم نے جمہوریت کو بحال بھی کیا، 1973 کے آئین، اسلامی جمہوری وفاقی نظام اور جمہوریت کی بحالی کے لیے بے نظیر بھٹو کی جو 30سالہ جدوجہد تھی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس ملک میں کبھی آر او الیکشن تو کبھی آر ٹی ایس کا الیکشن کرایا گیا، کبھی کسی چوہدری تو کبھی کسی نثار کو استعمال کیا گیا اور جمہوریت پر حملے ہوتے رہے ہیں۔
آج پاکستان کے عوام کٹھ پتلی راج بھگت رہے ہیں، سلیکٹڈ راج بھگت رہے ہیں اور اس نالائق نااہل وزیراعظم کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، ہم نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، شہید بی بی نے انتہا پسندی اور دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر للکاری تھی تو پیپلزپارٹی نے انہی دہشت گردوں کا مقبالہ کیا تھا، ہم نے ریاست پاکستان کی رٹ قائم کی تھی۔

Back to top button