تیندوے کی ویڈیو شیئر کرنے پر عوام کے کپتان پر دلچسپ تبصرے

وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر گلگت کے ایک برفانی تیندوے کی ویڈیو کیا شیئر کی، سوشل میڈیا پر طنزیہ ٹوئیٹس کا سیلاب اُمڈ آیا اور انہیں یہ مشورہ دیا جانے لگا کہ وہ عوام کے مسائل پر توجہ دیں بجائے کہ جانوروں پر، کسی نے کپتان کو بڑھتی مہنگائی کا گراف شئیر کرنے کو کہا تو کسی نے مہنگے ہوتے ڈالر کا ریٹ شیئر کرنے کا مشورہ دے ڈالا۔
حال ہی میں وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر گلگت بلتستان کے علاقے خپلو میں موجود برفانی چیتے کی ویڈیو شیئر کی جو مختلف آوازیں نکال رہا تھا۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین اس پر دلچسپ تبصرے کرنے لگے۔ عمران خان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گلگت بلتستان میں خپلو کے مقام پر موجود برفانی چیتے کی ایک نایاب فوٹیج۔ کپتان کے اس اقدام کے بعد ایک حکومتی ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم کی حکومت تیندوے کی اس نسل کو بچانے کی کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ اس اعلان پر صارفین کو وزیراعظم پر جملے کسنے کا موقع ہاتھ آ گیا۔ ایک ٹوئیٹر صارف برکت خٹک نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ اسی تیندوے کے پیچھے تو 30، 40 ارب ڈالرز کی سیاحت نے آنا تھا اور آپ نے مفت میں یہ جانور ساری دنیا کو دکھا دیا۔
صارف محمد فاروق نے لکھا کہ وزیراعظم، کاش کسی روز آپ ملکی معیشت بہتر کرنے اور غربت کم کرنے کی نایاب ویڈیو بھی شئیر کر سکیں!
ایک صارف بشیر قریشی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستانی عوام کی حالت بہتر کرنے کی بجائے جانوروں سے اظہارِ ہمدردی کر رہے ہیں، شاید ان کی نظر میں عوام کی اہمیت جانوروں سے بھی کم ہو چکی ہے۔
ٹوئٹر صارف احمد مغل نے لکھا کہ جناب جب آپکو اس تیندوے سے فرصت ملے تو ڈالر کا ریٹ بھی دیکھ لیجئے گا، مہنگی ہوتی ہوئی بجلی کو بھی چیک کیجئے گا اور آسمان سے باتیں کرتے پٹرول کی قیمت پر بھی نظر ڈالیے گا۔ طارق نامی ٹوئیٹر صارف نے طنزیہ انداز میں وزیراعظم کا جملہ دہراتے ہوئے کہا یہ تیندوا بھی چلا کر یہی کہہ رہا ہے کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔ ٹوئیٹر صارف نوید اقبال نے لکھا کہ آپ بس فوٹو گرافی پر زور رکھیں، بے شک غریب مہنگاٸی سے مر جائے، خدا کے لیے اپنی نالاٸق ٹیم سے جان چھڑاٸیں اور کام کرنے والے آدمی ساتھ لگائیں، ابھی بھی وقت ہے مہنگاٸی کنٹرول کرنے پر توجہ دیں، باقی سب کچھ چھوڑ دیں۔
اریشا نامی ٹوئیٹر صارف نے لکھا کہ یہ تیندوا خوراک کی تلاش میں ہے، اتنی شدید برف باری میں جنگلی حیات کی خوراک کا انتظام کیسے ہوتا ہے؟ اس پر ایک اور صارف محمد علی نے جواب دیتے ہوئے لکھا کہ نہ صرف یہ تیندوا بلکہ پاکستانی عوام بھی خوراک کی تلاش میں ہیں جو عمران کے برسراقتدار آنے کے بعد نایاب ہو چکی ہے۔
