آریان خان جیل منتقل ، قیدی نمبر بھی الاٹ

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان جیل منتقل جبکہ ان کو قیدی نمبر بھی الاٹ کر دیا گیا ہے۔منشیات استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار آریان خان کی گزشتہ روز بھی ضمانت نہیں ہوسکی ہے ۔

عدالت نے ممبئی کروز ڈرگز کیس کی سماعت کے دوران دلائل سننے کے بعد آریان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جس کے بعد آریان خان کو ممبئی کی سینٹرل جیل جسے آرتھر روڈ جیل بھی کہا جاتا ہے منتقل کردیا گیا جہاں وہ 20 اکتوبر تک مزید 6 دن رہیں گے۔

جیل ذرائع کے مطابق 12 روز بعد آریان خان کی پہلی بار والدین سے ویڈیو کال پر بات کرائی گئی ، قیدیوں کی جیل سے اہل خانہ اور وکیل سے ویڈیو کال پر بات کرنے کی سہولت بھارت میں کرونا پابندیوں کے دوران متعارف کروائی گئی تھی تاکہ قیدیوں کو کرونا کے ممکنہ اثرات سے بچایا جا سکے۔

کوویڈ پروٹوکول کے مطابق ڈرگز کیس کے تمام ملزمان کو بدھ تک قرنطینہ سیل میں رکھا گیا تھا لیکن اب ان کا قرنطینہ کا وقت ختم ہو چکا ہے اور آریان سمیت تمام ملزموں کے کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انہیں عام بیرکوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ، جیل منتقلی کے بعد جمعرات کو آریان کو قیدی نمبر ’’N956 ‘‘ الاٹ کیا گیا۔

جیل ذرائع کے مطابق آریان جیل کا عام کھانا کھا رہے ہیں لیکن اسے پسند نہیں کررہے ۔اس کے علاوہ آرتھر جیل روڈ کی انتظامیہ کو آریان کی فیملی کی جانب سے ساڑھے 4 ہزار روپے کا منی آرڈر موصول ہوا ہے جس پر 11 اکتوبر کی تاریخ درج ہے۔ یہ پیسے آریان کے کینٹین کے اخراجات کے لیے ہیں۔ جیل قوانین کے مطابق ایک قیدی کے لیے ایک ماہ میں صرف ساڑھے چار ہزار روپے کے منی آرڈر کی ہی اجازت ہے۔

آرتھر روڈ جیل میں قیدیوں کو صبح 6 بجے اٹھایا جاتا ہے۔ صبح 7 بجے ناشتہ اور 11 بجے دوپہر کا کھانا دیاجاتا ہے۔ قیدیوں کو ڈنر یعنی رات کا کھانا شام 6 بجے دیا جاتا ہے جس کے بعد بیرکوں کو بند کردیا جاتا ہے۔کروز پارٹی منشیات کیس میں اب تک 18 مرد اور2 خواتین سمیت 20 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ تمام گرفتار ملزمان کو دیگر قیدیوں سے الگ بیرکوں میں رکھا گیا ہے۔

Back to top button