آسٹریلیا پاکستان کو شکست دے کر ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

 آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی اور ٹی ٹونٹی سیریز میں مسلسل کامیابیاں سمیٹنے والی پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کھانے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں میگا ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل گرین شرٹس اور کینگروز کے مابین کھیلا گیا جس کے لئے کینگروز ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
کینگروز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ فنچ کو پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے پویلین بھیج دیا۔
آسٹریلیا نے 177رنز کا ہدف 5وکٹ کے نقصان پر19ویں اوور میں مکمل کرلیا،حسن علی کے میتھیو ویڈ کے کیچ نے پاکستان کو فتح سے دور کردیا،ویڈی نے شاہین شاہ آفریدی کو مسلسل 3گیندوں پر 3چھکے مار کر اپنی ٹیم کو جیت دلوائی،وہ 41اور مارکس سٹوئنس40سکور بناکر ناقابل شکست رہے،دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر مچل مارش تھے جو کہ 22گیندوں پر28رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر آصف علی کو کیچ دے بیٹھےجبکہ سٹیو سمتھ صرف 5رنز بناکر شاداب کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، ڈیوڈ وارنر49رنز بناکر شاداب خان کا شکار بن گئے۔ آسٹریلوی بلےباز گلین میکسویل7 سکور بناکر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے،قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر شاداب خان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ آسٹریلیا کے مچل سٹارک نے پہلی گیند پھینکی۔ بابر اعظم اور محمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور 60 گیندوں پر 71 رنزکی پارٹنر شپ بنائی تھی۔ بابر اعظم 39سکور بناکر ایڈم زمپا کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کو کیچ دے بیٹھے۔ محمد رضوان4چھکوں اور 3چوکوں کی بدولت52گیندوں پر 67رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور وہ مچل سٹارک کی گیند پر پویلین لوٹے۔انہوں نے فخر زمان کے ساتھ 46 گیندوں پر 72 رنزکی شراکت داری بنائی۔ آصف علی نے صفر پر پیٹ کمنز کی گیند پر سٹیو سمتھ کو کیچ تھمادیا،چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹر شعیب ملک تھے جو صرف 1سکور بناکر مچل سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ آخری اوور میں فخر زمان نے مچل سٹارک کو دو بلندوبالا چھکے مار کر 31گیندوں پر اپنی نصف سنچری بنائی اور 55 سکور بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ گرین شرٹس نےمقررہ 20اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 176رنز بنائے،مچل سٹارک نے دو شکار کیے، پیٹ کمنز اور زمپا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، محمد رضوان، شعیب ملک، حارث رؤف، محمد حفیظ، شاہین شاہ، حسن علی، عماد وسیم، آصف علی، شاداب خان۔
آسٹریلیا: ایرون فنچ(کپتان)، اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر، گلین میکسویل، میتھیو ویڈ، مچل مارش، مارکس اسٹوئنس، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، ایڈم زامپا اور جوش ہیزل وُڈ۔

Back to top button